لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صوبائی حکومت کے ابتدائی 100 دن مکمل ہوگئے ہیں، اس سلسلے میں عوامی رائے بھی سامنے آگئی، اکثریت نے مریم نواز کی حکومت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
مریم نواز کی کارکردگی پر انسٹیٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ (آئی پی او آر) کی جانب سے ایک تازہ عوامی سروے کیا گیا۔سروے کے نتائج کے مطابق 55 فیصد افراد نے مریم نواز اور انکی حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ شہری علاقوں میں 62 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 48 فیصد افراد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے۔ 35 فیصد افراد صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نظر نہیں آئے۔ جن میں سے 51 فیصد کا خیال ہے کہ حکومت کبھی بھی صورتحال کو بہتر نہیں کر پائے گی۔
سروے کے مطابق مریم نواز کی مقبولیت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 60 فیصد افراد نے کہا کہ مریم نواز کی مقبولیت میں گزشتہ تین ماہ کے دوران اضافہ ہوا ہے۔اسی طرح 53 فیصد افراد نے حکومت کے قیمتوں میں کمی کے اقدامات کو مؤثر قرار دیا جن میں سے 44 فیصد افراد نے روٹی کی قیمت میں کمی کو سب سے پسندیدہ قدم قرار دیا۔
مریم نواز کی حکومت کی جانب سے روٹی کی قیمت میں کمی سب سے زیادہ پسند کی گئی لیکن اسکے علاوہ سولر پینل پروگرام اور 200 کلینک آن وہیلز کے منصوبے بھی عوام میں مقبول رہے۔آئی او پی آر کے مطابق 29 مئی سے 12 جون تک کیے جانے والے اس سروے میں 2010 افراد کی رائے لی گئی جن میں 65 فیصد مرد جبکہ 35 فیصد خواتین شامل تھیں۔
آئی او پی آر کے مطابق سروے کے نتائج بین الاقوامی معیار کے مطابق مرتب کیے گئے ہیں۔یہ نتائج پنجاب حکومت کےلیے اہم ہیں کیونکہ ان سے عوام کی توقعات اور مسائل کا اندازہ ہوتا ہے۔