لاہور (ویب ڈیسک) غازی آباد میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو تشدد اور گلا دبا کر قتل کردیا، متوفیہ کے والد کا مزید کہنا تھا کہ شہربانو کی گردن پر پھندے کے نشانات موجود ہیں، پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی۔
ایکسپریس کے مطابق شہر بانو کی ایک سال قبل غازی آباد کے رہائشی آصف نامی شخص سے شادی ہوئی تھی۔ عید کے دوسرے روز والدین کو ملنے آنا تھا لیکن سسرال سے اس کی موت کی خبر آگئی۔متوفیہ شہر بانو کے والد کا کہنا ہے کہ سسرالی میری بچی کو ذہنی اذیتیں دیتے اور جسمانی تشدد کا نشانہ بناتے تھے، شادی کے بعد ایک بچے کی پیدائش ہوئی جو چند ہی روز میں وفات پا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سسرال سے فون آیا شہربانو کی طبیعت خراب ہے جب وہ اسپتال پہنچے تو وہ مر چکی تھی، ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچی اسپتال لانے سے دو گھنٹے قبل ہی وفات پا چکی تھی۔دریں اثنا ایس پی کینٹ اویس شفیق کی ہدایت پر غازی آباد پولیس نے متوفیہ شہر بانو کے شوہر آصف اور عبدالرشید کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔
پولیس نے مقتولہ کے بھائی عمیر علی کی مدعیت میں نامزد ملزمان آصف، عبدالرشید اور راشد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔