لاہور(عامر بٹ سے )لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن نےسیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کی ہدایات اور محکمانہ پالیسی کے برعکس نان ٹیکنیکل /نان کوالیفائیڈ عملے کوکارروائی کے اختیارات تفویض کردیئے۔ شہر میں غیر قانونی تعمیرات پر پابندی کے احکامات کی بھی کھلم کھلا دھجیاں اڑا کر رکھ دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 3 دہائیوں سے صوبائی دارالحکومت لاہور غیر قانونی تعمیرات کے نرغے میں ہے۔ بلڈر مافیا اتنا مضبوط تصور کیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی تعمیرات میں رکاوٹ ڈالنے والے افسران کو کھڈے لائن لگانے کی دھمکیاں دیتا رہتا ہے ۔ اس صورتحال میں گزشتہ کئی برسوں سے شہر میں تعینات بلڈنگ انسپکٹرز کے خلاف غیر قانونی تعمیرات کے مسلسل ثبوتوں اور شواہد کے باوجود ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جاسکی۔ شہر کی اہم شاہراہ پر غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں جنہیں خود سرکاری افسران و ملازمین کا تحفظ حاصل ہے۔
“روزنامہ پاکستان” کے مطابق ذرائع نے انکشاف کیا کہ لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن نے اس مرتبہ 15 ملازمین کو شہر میں غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے اختیارات تفویض کیے ہیں جن میں سے 6جونیئر کلرک،2 اسسٹنٹ،ایک سینئر کلرک، 3 ٹیکس انسپکٹرز1،بلڈنگ سرویئر 1 بلڈنگ انسپکٹر اور گریڈ 12 کے کمپیوٹر آپریٹرز بھی شامل ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ غیر ہنرمند ملازمین سے تین تین لاکھ روپے وصول کیے گئے ہیں تاہم لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن نے اس کی تردیدکی ہے۔