لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور پولیس نے مینار پاکستان کے قریب سے 2 وکیلوں اور ایک خاتون کو حراست میں لیا ہے، لاہور ہائیکورٹ اور ضلع کچہری کے باہر سے متعدد وکلاء کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس نے جی پی او چوک پر جمع ہونے والے وکلاء کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ بھی کی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کی آج مینار پاکستان گراؤنڈ میں احتجاج کی کال پر لاہور کے مختلف مقامات پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔
لاہور کے داخلی راستے اور مینار پاکستان کی طرف جانے والی سڑکیں کنٹینرز کھڑے کرکے بند کر دی گئیں، پولیس نے 9 مئی کے واقعات میں مطلوب شر پسند عناصر کی گرفتاری کیلئے حکمت عملی بھی ترتیب دے دی۔
پولیس ذرائع کے مطابق شرپسند عناصر مینار پاکستان احتجاج میں بھی انتشار پھیلا سکتے ہیں، شہر میں قیام امن کیلئے 12ہزار سے زائد افسران اور جوان احتجاج اور توڑ پھوڑ روکنے کیلئے تعینات کیے گئے ہیں۔