لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 119 حافظ عبدالرؤف نے کہا ہے
کہ جنہوں نے ملک کا پیسہ لوٹا اپنی جائیدادیں بنائی عوام نے آج ان کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ قوم سابقہ سیاسی جماعتوں سے شدید مایوسی ہوچکی ہے۔ مرکزی مسلم لیگ ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ پورے وثوق اور اعتماد سے کہتے ہیں کہ مرکزی مسلم لیگ ملک میں چلتی سیاسی روایت بدلنے جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 119 میں موجود مختلف انتخابی جلسوں اور پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ امیدوار پی پی 150 حافظ عبیداللہ، جنرل سیکرٹری عزیز رفیق، پی پی کوآرڈینیٹر طارق گجر سمیت دیگر عہدیداران بھی ہمراہ تھے۔ اس موقع پر لوگوں کی کثیر تعداد نے حلقے میں مختلف جگہوں پر منعقد ہونے والوں جلسوں اور کنونشن میں شرکت کی۔جبکہ مرکزی مسلم لیگ کی بھرپور حمایت کا اعلان بھی کیا۔ امیدوار قومی اسمبلی این اے 119 حافظ عبدالرؤف نے پی پی 150 میں جلسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج عوام نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ چور لٹیروں کو موقع نہیں دیں گے ، ہم حلقے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں حل کرنے کی اہلیت بھی رکھتے ہیں قوم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایک مہینے والے نہیں بلکہ 5 سال خدمت کرنے والوں سیاستدانوں کا چناؤ کریں تاکہ ملک و ترقی کے لیے ایک مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا جاسکے۔