لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)مرکزی مسلم لیگ لاہور کی جانب سے تمام قومی و صوبائی حلقوں میں مسلم لیگ ہاؤسز کا افتتاح کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق این اے 119،این اے 124،این اے 126،این اے 127 کے صوبائی حلقوں اور یونین کونسل کی سطح پر مسلم لیگ ہاؤس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔پاکستان مرکزی مسلم لاہور کے جنرل سیکرٹری انجنئیر حارث ڈار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ہاؤس عوام کے لیے 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔مسلم لیگ ہاؤس کے قیام کا مقصد لوگوں کے مسائل کا حل اور سیاسی سرگرمیوں کو تیز کرنا ہے۔ مرکزی مسلم لیگ عوامی جماعت ہے اور خدمت کی سیاست کے منشور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کردار ادا کررہی ہے۔اہلیان لاہور 8 فروری کو کرسی کے نشان پر مہر لگا کر ہماری خدمت کی گواہی دیں گے۔
مرکزی مسلم لیگ کے رہنما و امیدوار پی پی 162 خالد نیک گجر نے کہا کہ جب تک عوامی نمائندوں کی رسائی پارلیمنٹ تک نہیں ہو گی تب تک عوام کے لیے ریلیف ملنا نا ممکن ہے غریب مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے گیس نہ آنے کے باوجود بھی گیس کا بل عوام کی پہنچ سے باہر ہے پاکستان مرکزی مسلم لیگ خدمت کی سیاست کے ساتھ میدان عمل میں آئی ہے۔
پی پی 168 میں مسلم لیگ ہاؤس کے افتتاح کے موقع پر چوہدری عبدالرازق نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ موروثی سیاست کے آگے بند ہے موروثی سیاست کی وجہ سے حلقہ مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔ہمیں باپ بیٹے کی سیاست سے نکل کر نئے ذہن اور قابل نوجوانوں کو سیاسی میدان میں اتارنا ہوگا۔مرکزی مسلم لیگ الیکشن سے پہلے بھی حلقے میں خدمت کررہی تھی اور الیکشن کے بعد بھی عوام کے اندر موجود ہوگی۔