مستونگ(ڈیلی پاکستان آن لائن) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سول ہسپتال چوک پر بم دھماکا ہوا ہے جس سے ایک پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں ایک پولیس اہلکار اور 3 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بھی زیادہ تر سکول کے بچے شامل ہیں۔بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دھماکے سے ایک پولیس موبائل بھی تباہ ہو گئی۔
بم دھماکے میں چوک پر موجود دیگر گاڑیوں اور رکشوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، دھماکے کی آواز قریبی علاقوں میں بھی سنی گئی جبکہ پولیس اور ریسکیو کا عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم سکول کی وین بھی دھماکے کی زد میں آ گئی۔