لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے لیے قانونی کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے-وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام پر پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی-وزیراعلیٰ مریم نوازنے کہاکہ پنجاب کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کا عزم غیرمتزلزل ہے۔ مصنوعی مہنگائی اورذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے مجاز اتھارٹی کا قیام ناگزیر ہے-ہر سیکٹر میں سٹرکچرل ریفارمز متعارف کرا رہے ہیں -گلیو ں او ربازاروں میں تجاوزات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبائی، ڈویژنل، ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹیز قائم ہوں گی۔ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ ریگولیٹری بورڈ بنے گا۔ تحصیل کی سطح پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر قانون کے نفاذ کو یقینی بنائے گا۔ ہیرنگ آفیسر تحصیل کی سطح پر اپیل سن کر فیصلہ دے گا۔ پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی مہنگائی کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔
تحصیل میں انفورسمنٹ افسر سمیت 40 اہلکار اشیائے صرف کے نرخ کی مانیٹرنگ اور کارروائی کریں گے۔عوام کی شکایات پر بھی گرانفروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن ہوگی۔ غیر منقولہ تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لیے تحصیل کی سطح پر کارروائی جاری رکھے گا۔تحصیل کی سطح پر چار ایپلٹ فورم پر فیصلے کے لیے ٹائم لائن مقرر ہوگی۔ مووایبل تجاوزات کو ہٹا کر گلیاں بازار وسیع کیے جائیں گے۔
سینیٹرپرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری،چیئرمین پی اینڈ ڈی، آئی جی،سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او اور دیگر حکام بھی موجود تھے-