مسلم لیگ ن کے رہنما بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ آج کل میں کابینہ کا بھی اعلان متوقع ہے، ممکن ہے ایک ابتدائی کابینہ ہو اور بعد میں اضافی لوگ شامل ہوں، جو بھی کابینہ ہوگی وہ اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت سازی کے وقت بھی اتحادی جماعتوں کے ساتھ بات چیت ہوئی، کابینہ میں شمولیت سے متعلق پیپلز پارٹی کا اپنا مؤقف ہے۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا ہے کہ ملک میں معاشی چیلنجز بھی سنگین ہیں، آج بھی ہمارے فارن ایکس چینج اس سطح پر نہیں جہاں ہونے چاہئیں، شہباز شریف نے سب سے پہلے معاشی معاملات پر میٹنگز کیں، انہوں نے پارلیمنٹ میں مفاہمت کی بات کی۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے کبھی بھی ہاتھ آگے بڑھانے سے گریز نہیں کیا، ہم اُمید رکھتے ہیں کہ پی ٹی آئی یا سنی اتحاد کونسل کے لوگ بدل جائیں گے اور مثبت کردار ادا کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے ساتھ مل کر کام کریں، اگر پی ٹی آئی یا سنی اتحاد کونسل کے لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ حکومت کو مفلوج کر دیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔