راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو بھی نہیں معلوم کہ انہوں نے 26 ویں آئینی ترمیم کے لئے کیا مسودہ فائنل کیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں جس طرح نمبرز پورے کئے گئے اس کی مذمت کرتے ہیں، ہمارے 5 اراکین کو اغواء کر کے وہاں پیش کیا گیا، ان کے ساتھ اہلکار آئے تھے ، زبردستی ان سے ووٹ لیا گیا، لوگوں نے قومی اسمبلی کے اہلکاروں کے یونیفارم پہن رکھے تھے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ کے جعلی کیس میں جیل میں ہیں، بشریٰ بی بی کا سیاست سے تعلق نہیں ، اس کیس میں بلاوجہ ملوث کیا گیا، ہمیں پتہ ہے یہ سب کہاں سےکنٹرول ہو رہا ہے، ہمیں آج ضمانت کا عمل مکمل ہوتا نظر نہیں آرہا اس طریقہ کارکی مذمت کرتا ہوں، ستم ظریفی یہ ہے کہ ٹرائل جج کرسی پر موجود نہیں ، روبکار جاری نہیں ہوئی۔