مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء کا کہنا ہے کہ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بڑی مثبت بات چیت ہوئی ہے، کل یا پرسوں دوبارہ رابطہ ہوگا۔
اتحادی جماعتوں کے وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے وفد میں رانا ثناء اللّٰہ، احسن اقبال، ایاز صادق، سعد رفیق، یوسف رضا گیلانی کے علاوہ صادق سنجرانی،خالد مگسی، عبدالعلیم خان، سالک حسین و فرزند شامل تھے۔
جے یو آئی کی جانب سے عبدالغفور حیدری، حاجی غلام علی، اسلم غوری، نور عالم خان، مولانا امان اللّٰہ وفد کا حصہ تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے پہلے بھی رہنمائی لیتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بڑی مثبت بات چیت ہوئی ہے، کل یا پرسوں دوبارہ رابطہ ہوگا۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب نے کچھ باتوں کی طرف اشارہ کیا ہے جو ہم سمجھتے ہیں بالکل جائز ہیں، بعض اوقات کچھ چیزیں وقت پر نہ کرنے سے غلط فہمیاں جنم لیتی ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ ہم اپنی قیادت سے بات کرکے ان باتوں کا ازالہ کریں گے۔