اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کیخلاف درخواست غیرمؤثر قراردیتے ہوئے خارج کردی ۔
نجی ٹی وی چینل” جیو نیوز” کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی نیا توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابرستار نے سماعت کی،بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر عدالت کے سامنے پیش ہوئے،نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ توشہ خانہ ریفرنس فائل ہو چکا ہے،اب ان کے پاس ضمانت بعدازگرفتاری دائر کرنے کا اختیار ہے۔
سلمان صفدر نے کہاکہ عدالت پہلے ہی کہہ چکی ہے کال اپ نوٹسز مبہم تھے،توشہ خانہ تحائف کے کیس میں یہ دوسری کارروائی کررہے ہیں،جب عدالت کے سامنے بنیادی حقوق کے سوال موجود تھے پھر کیسے یہ ریفرنس دائر کرسکتے تھے۔
عدالت نے استفسار کیا آئی او صاحب آپ گئے تھے؟
تفتیشی افسر نے کہاکہ میں گیا تھا انہوں نے جواب جمع کرادیاتھا۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کیخلاف درخواست غیرمؤثر قراردیتے ہوئے خارج کردی ۔