اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر فل راموس وفد سمیت وزارت داخلہ پہنچ گئے،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، تعلیم،صحت ،پولیسنگ اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں کوالیفائیڈپاکستانی نرسز کو ضروری پراسیس مکمل کرنے کے بعد ملازمت کے لئے نیویارک بجھوانے پر اتفاق کیا گیا اور عزم کا اظہار کیا گیا کہ اس ضمن میں طریقہ کار کو جلد حتمی شکل دی جائے گی،صحت، تعلیم اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع سے استفادہ کرنے کے قابل عمل پلان تیار کیا جائے گا۔
ڈپٹی سپیکر نیویارک اسمبلی نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو نیویارک کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔ امریکہ میں کوالیفائیڈ نرسز کی کمی ہے اور پاکستان اس حوالے سے بہت پوٹینشل ہے۔دوطرفہ اشتراک کار کے فروغ سے دونوں ملکوں کے لوگوں کو فائدہ ہوگا ۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں، جو کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ تعلیم، صحت اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔اپنے دور میں پنجاب میں شعبہ نرسنگ پر خصوصی توجہ دی اور نرسنگ سٹوڈنٹس کی تعداد ڈبل کی۔ اسلام آباد میں بھی نرسز کی تعداد میں اضافے کا پلان بنایا ہے۔پاکستانی کوالیفائیڈ نرسز کو نیویارک بجھوانے کے لئے فوری ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ میرے حالیہ دورہ نیویارک میں اسلام آباد پولیس اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تعاون بڑھانے پر مثبت بات چیت ہوئی۔ اسلام آباد پولیس کا وفد جلد نیویارک کا دورہ کرے گا۔ باہمی تعاون مزید بڑھانے کے لئے نئے شعبوں کی نشاندہی کرکے فوری اقدامات کریں گے۔ اشتراک کار کے لئے ہر جگہ اور ہر سطح ہونے والے اقدامات کی خود مانیٹرنگ کروں گا۔
وفد میں نیویارک اسمبلی کے ممبر ایلک کرانسے، امریکن پاکستانی پبلک افیرز کےچئیرمین ڈاکٹر اعجاز احمد،صدر نیویارک چیپٹر طارق خان،صدر امتیاز راہی،ڈائریکٹر ڈاکٹر پرویز اقبال، سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر اطہر ترمذی اور نائب صدر ٹیکساس ڈاکٹر خالد محمود شامل تھے۔