بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیاء لانگو نے لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی مذمت کی ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے کیپٹن محمد فراز و دیگر سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
ضیاء لانگو نے کہا کہ شہید سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ملک میں قیام امن کےلیے جانیں قربان کرنے والے جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پاک فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں کیپٹن سمیت 7 فوجی شہید ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا، آئی ای ڈی دھماکے میں کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں سپاہی اسداللّٰہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود بھی شامل ہیں۔