راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین قمر الاسلام راجہ کی زیرصدارت دوسراڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں ہوا۔اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، دانیال چوہدری، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ارکان صوبائی اسمبلی پنجاب بلال یامین ستی، ملک افتخار، عمران الیاس، محسن خان، راجہ حنیف ایڈووکیٹ، ملک منصور اور راجہ صغیر احمد نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں تمام محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جس میں محکمہ صحت،ایجوکیشن، پنجاب ریونیو اتھارٹی، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ، پولیس اور لائیوسٹاک شامل ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین کوآرڈینیشن کمیٹی قمر الاسلام راجہ نے کہاکہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔پہلے مرحلے میں ہائی رسک یونین کونسلز کو کلین سویپ کیا جائے۔ ہولی فیملی ہسپتال کا فسٹ فلور، سیکنڈ فلور 15 مئی تک ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے گا جبکہ بیسمنٹ میں پتھالوجی لیب پر 80 فیصد کام مکمل کیا جاچکاہے آئندہ7 دنوں میں ہولی فیملی ہسپتال کا بیسمنٹ بھی ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔
چیئر مین کمیٹی قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کی 27 سیکمز چل رہی ہیں جن میں 24 سکیمز پر کام جاری ہیں جبکہ ایک سکیم ریوئزڈ ہونے کی وجہ سے کام نہیں ہورہا 2 سیکمز پر کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔ کوٹلی ستیاں اور کہوٹہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کی ریویمپنگ کا کام جاری ہیں۔ اجلاس میں ٹیچرز کی پروموشن کے حوالے سے ایجنڈ زیر بحث آیا۔
قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ سیلز ٹیکس صوبے خود جمع کررہے ہیں۔اب تک 75 سروسز پر سیل ٹیکس کی وصولی کی جا رہی ہے سیلز ٹیکس جن میں شادی ہالز، ہوٹلز، کنسٹریکشن کمپنی، کنسلٹنٹ، ریکروٹنگ ایجنسی سمیت دیگر پرائیویٹ سیکٹر شامل ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیلز ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے لوگوں کو آگاہی کے لیے سوشل، الیکٹرانک اور پرنٹ کے ذریعے آگاہی مہم چلائی جائے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ون ڈش پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کلیدی کردار ادا کریں۔ قبضہ گروپس، غیرقانونی سوسائٹیز اور منشیات کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عید الاضحٰی کے سلسلے میں مویشی منڈیوں کے قیام کے حوالے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ویٹنری ڈاکٹر صبح 8 بجے سے 11 بجے تک ہسپتال اور ڈسپنسری میں موجودگی یقینی بنائی جائے۔