پشاور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان کی خاطر ہی فارم 47 کی حکومت کے ساتھ بیٹھنے پر رضامندی کا اظہار کیا۔ بانی پی ٹی آئی جو کر رہے ہیں پاکستان کی خاطر کر رہے ہیں۔
“جیو نیوز ” کے مطابق جب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے پوچھا گیا کہ کیا آپ اپوزیشن اور حکومتی مذاکرات میں شامل ہونگے؟ علی امین گنڈاپور نے کہا میں بالکل مذاکراتی کمیٹی میں شامل ہوں گا۔ پاکستان کے مستقبل کے حالات کو دیکھتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی بنائی۔ انہوں نے اپنی ذات کی بجائے پاکستان کے مستقبل کے لیے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی۔
علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ عوامی طاقت کے سہارے بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہوگی، بیرونی دباؤ پر یقین نہیں رکھتے ہمیں صرف اللہ کی ذات پر یقین ہے۔ اتنی بڑی جماعت کےلیے بیرونی طاقت یا بیرونی بیانیے کی ضرورت نہیں۔