پاکستان کے شمالی علاقے ان دنوں شدید ٹھنڈ کی لپیٹ میں ہیں۔ وادیٔ سوات، مری، نتھیا گلی سمیت گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ سیاح برف باری کا لطف لینے کے لیے ان علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔ عام طور پر پاکستان کے شمالی علاقہ جات دسمبر میں برف کی چادر اوڑھ لیتے ہیں۔ تاہم رواں موسمِ سرما میں برف باری تاخیر سے ہوئی ہے۔