لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب میں دھند کے باعث 14 پروازیں منسوخ کردی گئیں جب کہ 3 پروازوں کو متبادل ائیرپورٹس پر منتقل کردیا گیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق ائیر پورٹ ذرائع کا بتانا ہے کہ لاہور اور سیالکوٹ ائیرپورٹس پر پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف میں دشواری کا سامنا ہے جبکہ ملک کے مختلف ائیرپورٹس کی 18 پروازیں ری شیڈول کردی گئی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جدہ لاہور کی سعودی ائیر لائن کی پرواز کو اسلام آباد میں اتارا گیا اور لاہور سے جدہ کی پرواز منسوخ کردی گئی۔شارجہ سیالکوٹ پی کے 210 کی دبئی اور پی کے 180 کی لاہور اور اسلام آباد میں لینڈنگ ہوئی جب کہ لاہور کراچی کے درمیان پی آئی اے کی پرواز پی کے 303 منسوخ کر دی گئی۔
لاہور کوئٹہ اور لاہور کراچی کی 2 پروازیں منسوخ کردی گئیں جب کہ نجی ائیرلائن کی کراچی اسلام آباد کی 4 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔اس کے علاوہ کراچی سکھر کی پی آئی اے کی 2 پروازیں اور کراچی کوئٹہ کے لیے بھی پی آئی اے کی 2 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔