لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت کی طرف سے دو ہفتوں کے التوا کے بعد اضافہ شدہ ڈرائیونگ لائسنس فیس لاگو کر دی گئی۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق نگران صوبائی حکومت کی طرف سے یکم جنوری کو ڈرائیونگ لائسنس فیس بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں اس کا نفاذ ایک ایک ہفتے کے لیے دو بار مو¿خر کیا گیا تاہم اب اسے لاگو کر دیا گیا ہے۔
اس اضافے کے بعد موٹرسائیکل کا ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کو 980روپے اور کار یا جیپ کا لائسنس بنوانے والوں کو 2ہزار 280روپے فیس ادا کرنی ہو گی۔اسی طرح ایل ٹی وی اور ایچ ٹی وی لائسنس کی فیس بڑھا کر 2ہزار 480روپے، ٹریکٹر کمرشل کی سالانہ ریگولر فیس 1ہزار 980روپے اور زرعی ٹریکٹر کی فیس 1ہزار 480روپے کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق موٹرسائیکل کے ڈپلیکیٹ لائسنس کی فیس 580روپے، کار ، جیپ اور ایل ٹی وی کی 630روپے اور ایچ ٹی وی کا ڈپلیکیٹ لائسنس بنوانے کی فیس 680روپے مقرر کی گئی ہے۔