کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )کراچی میں پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم پر حملے میں پولیو ورکرز اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
نجی ٹی وی” جیو نیوز” نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ کورنگی میں آج انسداد پولیو مہم جاری تھی جہاں پولیو ورکرز قطرے پلانے کے لئے فیملی کے پاس گئے تو علاقے میں موجود فیملی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے منع کیا اور ٹیم پر حملہ کردیا، فیملی نے پولیو ٹیم کو بیلچوں سے مارا، ان سے موبائل فون بھی چھین لیے۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مزید نفری علاقے میں پہنچ گئی اور ٹیم پر حملہ کرنے والے 6 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں ثمینہ، ماہ جبین، آمنہ، اقرا، عمران اور سفیان شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں معمولی زخمی ہونے والے پولیو ورکرز اور اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔