پیپلز پارٹی کی قیادت نے سندھ کابینہ کے قلمدانوں کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق سید ناصر حسین شاہ وزیرِ اطلاعات سندھ اور شرجیل میمن ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ٹرانسپورٹ کے وزیر ہوں گے۔ سید سردار شاہ تعلیم اور معدنیات کے وزیر ہوں گے جبکہ سید ذوالفقار علی شاہ وزیر ثقافت اور جام خان شورو وزیر آبپاشی ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ سعید غنی بلدیات اور پبلک ہیلتھ کے وزیر جبکہ علی حسن زرداری وزیر جیل خانہ جات ہوں گے۔محمد بخش مہر کے پاس اینٹی کرپشن اور اسپورٹس کے محکمے ہوں گے، عذرا پیچوہو وزیر صحت سندھ ہوں گی۔
واضح رہے کہ سندھ کابینہ کا آج حلف اٹھانے کا امکان ہے، پہلے مرحلے میں 10 رکنی کابینہ حلف اٹھائے گی۔
سندھ کابینہ کی تقریب حلف برداری شام 5 بجے گورنر ہاؤس میں ہو گی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری 10 رکنی کابینہ سے حلف لیں گے۔