ضلع کرم کی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی حکومت کا وفد پاڑہ چنار پہنچ گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ، چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا، کمشنر کوہاٹ ڈویژن، ڈی آئی جی کوہاٹ اور ڈی پی او سمیت دیگر اعلیٰ افسران پر مشتمل وفد ضلع میں امن و امان کی صورتِ حال کا جائزہ لے گا۔
صوبائی وزیرِ قانون آفتاب عالم کے مطابق ضلع کرم میں امن و امان کی صورتِ حال کو بہتر بنانے کے لیے خیبرپختونخوا حکومت، پولیس اور دیگر ادارے مل کر سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔
ان کے بقول امن و امان کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائیں گے اور بھرپور کردار ادا کریں گے۔
کرم میں گزشتہ چار روز کے دوران فرقہ ورانہ فسادات کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔