لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے اپنے دفتر میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن جرمن ایمبیسی ارنو کریکاف (Arno Kirchhof) کے ساتھ اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملکی، سیاسی اور محکمانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے ارنو کریکاف کو محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ فراہم کی۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں، خواتین، بزرگوں اور معذور افراد کے لیے محکمہ کے مختلف اقدامات اور انیشیٹوز پر روشنی ڈالی۔
صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے زیر قیادت چلنے والے ہمت کارڈ پروگرام کی بھی تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام پنجاب بھر کے معذور افراد کے لیے ایک انقلابی قدم ہے، جس کے ذریعے ضرورت مند طبقے کو مالی امداد اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ہمت کارڈ کے تحت معذور افراد کو خصوصی رعایتیں اور مراعات فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے ان کی زندگیوں میں بہتری آ رہی ہے۔
ارنو کریکاف نے پنجاب حکومت کے فلاحی اقدامات کو بے حد سراہا اور ہمت کارڈ پروگرام کو ایک مثالی سکیم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس طرح کے جامع اور وسیع پیمانے پر کام نہیں ہوا اور وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں اس پروگرام کی کامیابی ایک اہم پیش رفت ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور مستقبل میں مزید مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے ارنو کریکاف کو ملاقات کی یادگار کے طور پر ایک خوبصورت شیلڈ بھی پیش کی۔