کراچی سے انسانی اسمگلنگ کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی گئی، بھارتی ایجنٹ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اس سلسلے میں امیگریشن نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی میں ایجنٹ سمیت 4 مسافر گرفتار کرلیے۔
گرفتار ملزمان میں حسیب احمد، قیصر احمد، عثمان علی اور ایجنٹ عبدالشکور شامل ہے۔
ملزمان کا تعلق فیصل آباد، چنیوٹ، گجرانوالہ اور ننکانہ صاحب کے مختلف علاقوں سے ہے۔ انسانی اسمگلر عبدالشکور نے دیگر ملزمان کو پولینڈ بھجوانے کے نام پر 14 لاکھ روپے فی کس کے معاہدے کیے۔
ملزمان نے ایجنٹ کو 2 لاکھ 50 ہزار روپے فی کس ایڈوانس میں ادا کیے۔ زیرحراست ملزمان نے غیر قانونی طریقے سے آذربائیجان سے پولینڈ جانا تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق انسانی اسمگلر عبدالشکور کے موبائل سے اہم شواہد برآمد کر لیے گئے۔ملزم نے دیگر ملزمان کے آذربائیجان کے ویزے زم زم ٹریول شانگلہ ہل سے حاصل کیے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالشکور کے بھارت ایجنٹ سے رابطے بھی پکڑے گئے ہیں۔ آذربائیجان میں رہائش پذیر بھارتی ایجنٹ گوتم شرما نے ملزمان کو باکو سے غیر قانونی طور پر پولینڈ بھجوانا تھا۔
ملزمان کو مزید تحقیقات کےلیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔ ایف آئی اے امیگریشن نے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی سازش بے نقاب کر دی۔