پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور سابق صوبائی وزیر سعید غنی نے کراچی سے قومی اسمبلی کی 13 اور صوبائی اسمبلی کی 28 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کی مینڈیٹ لینے والی پوزیشن نہیں ہے، جہاں ایم کیو ایم نے 70ہزار ووٹ لیے وہ اب 10ہزار پر آگئے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کا ہم پر اعتماد بڑھ رہا ہے، بلدیاتی الیکشن ہوں یا ضمنی انتخاب پیپلز پارٹی کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ ہماری 5 سے 6 سال کی کارکردگی پر ہمیں لوگ ووٹ دیں گے، کراچی میں ہم 13 قومی اور 28 صوبائی نشستیں حاصل کرلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پانی فراہمی کا منصوبہ ہم مکمل کرلیں گے، پی ٹی آئی کا ووٹ بینک ہے لیکن 2018 والا نتیجہ ممکن نہیں۔
سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کی مضبوطی کی علامت یہ ہے تمام مخالفیں اکٹھے ہیں، ہم کسی سے اتحاد کا نہیں کہہ رہے، ایم کیو ایم ٹھوکریں کھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کا ووٹ ہے، 2013 میں ان کو اصل ووٹ پڑا، یہ 2 سے 3 سیٹیں ہی جیت سکتے ہیں، 2018ء والا رزلٹ اس بار نہیں ہوگا۔