کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں ایک شہری نے کمال جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلح ڈاکو کو پکڑ کر دھلائی کر ڈالی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہری سامان لا کر اپنی گاڑی میں رکھتا ہے اور پھر گاڑی کا بونٹ کھولنے لگتا ہے۔ اسی دوران موٹرسائیکل پر سوار دو ڈاکو وہاں آ جاتے ہیں۔
ڈاکو شہری کے قریب آ کر موٹرسائیکل نکالتے ہیں اور پیچھے بیٹھا ڈکیت جونہی پستول نکالتا ہے، شہری اسے دبوچ لیتا ہے۔ یہ دیکھتے ہی موٹرسائیکل چلانے والا ڈاکو موٹرسائیکل پھینک کر وہاں سے فرار ہو جاتا ہے۔ شہری پکڑے گئے ڈکیت کو پیٹ رہا ہوتا ہے کہ کئی دیگر لوگ وہاں اکٹھے ہو جاتے ہیں اور مل کر ڈکیت کی خاطرداری شروع کرتے ہیں اور پھر اسے پولیس کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔
کراچی میں موٹر سائیکل سوار بندوق کے زور پر شہریوں کو اس طرح لوٹتے ہیں اور رفو چکر ہوتے ہیں لیکن اگر انہیں روکنے کی کوشش کی جاۓ تو فرار ہونے سے پہلے گولی چلانے سے بھی نہیں کتراتے۔ آفرین ہے اس نوجوان پر جس نے کس خوبی سے ڈاکو کو قابو کیا۔ اللہ ہم سب کو ان ڈاکؤوں سے بچاۓ۔ آمین ثم… pic.twitter.com/avCqTBuACz
— ℕαυɱαɳ | نعمانؔ (@SquatJogz) March 29, 2024
یہ ویڈیو نعمان نامی ایکس صارف کی طرف سے اپنے اکائونٹ پر پوسٹ کی گئی ہے۔ پوسٹ میں صارف لکھتا ہے کہ ’’کراچی میں موٹرسائیکل سوار بندوق کے زور پر شہریوں کو لوٹتے ہیں اور رفو چکر ہو جاتے ہیں۔ انہیں روکنے کی کوشش کی جائے تو فرار ہونے سے پہلے گولی چلانے سے بھی نہیں کتراتے۔ آفرین ہے اس نوجوان پر جس ن کس خوبی سے ڈاکو کو قابو کیا۔ اللہ ہم سب کو ان ڈاکوئوں سے بچائے۔ آمین‘‘