اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے اور اس موقع پر سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں عید کی نماز ادا کی، شہباز شریف نے نماز عید کے بعد ملکی سلامتی و استحکام، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی جب کہ وزیراعظم کے صاحبزادے سلمان شہباز بھی ان کے ساتھ تھے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے آبائی ضلع ڈی آئی خان میں نمازعید ادا کی۔بادشاہی مسجد لاہور میں نماز عید الاضحیٰ کا بڑا اجتماع ہوا جہاں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے نماز عید کی امامت کی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور دیگر اہم شخصیات نے یہاں نماز اد کی۔
“جیو نیوز ” کے مطابق ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد ہوا، کراچی میں پولو گراؤنڈ سمیت دیگر مقامات پر نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، پولو گراؤنڈ میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، چیئرمین ا یم کیو ایم خالد مقبول صدیقی، یو اے ای، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں نے نماز عید ادا کی۔
عید کے اجتماعات میں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائیں اور غزہ کے مسلمانوں کیلئے بھی خصوصی دعائیں کی گئی۔