Wednesday, January 1, 2025
ہومPakistan6 ججز کے خط پر ازخود نوٹس: مداخلت سے زیادہ برا عمل...

6 ججز کے خط پر ازخود نوٹس: مداخلت سے زیادہ برا عمل قتل ہے، کیا وہ رک گیا؟ چیف جسٹس


سپریم کورٹ آف پاکستان میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط پر ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اپنی تجاویز جمع کرا دیں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سربراہی میں 6 رکنی لارجر بینچ ازخود نوٹس کی سماعت کر رہا ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللّٰہ، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس نعیم اختر افغان لارجر بینچ کا حصہ ہیں۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ ابھی نہیں ملا، حکومت کا جواب داخل کرنے کے لیے حکم نامہ وزیرِ اعظم کو دکھانا ضروری ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے عملے سے سوال کیا کہ کیا حکم نامے پر دستخط ہو گئے، اگر نہیں تو کیوں نہیں ہوئے؟ کھلی عدالت میں حکم نامہ لکھوایا تھا۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہا کہ آج حکم نامہ مل جائے تو حکومت کل تک اپنا جواب داخل کر دے گی۔

دورانِ سماعت سپریم کورٹ میں مختلف بارز کے وکلاء بھی پیش ہوئے۔

سپریم کورٹ بار کی تجاویز

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی سپریم کورٹ میں تجاویز جمع کرا دیں۔

سپریم کورٹ بار نے اپنی تجاویز میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ بار عدلیہ کی آزادی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی، عدلیہ میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف تحقیقات ہونی چاہئیں، ججز کی ذمے داریوں اور تحفظ سے متعلق مکمل کوڈ آف کنڈکٹ موجود ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے پاس توہینِ عدالت کا اختیار موجود ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کو کسی قسم کی مداخلت پر توہینِ عدالت کی کارروائی کرنی چاہیے تھی، ہائی کورٹ کی جانب سے توہینِ عدالت کی کارروائی نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز نے خط میں گزشتہ سال کے واقعات کا ذکر کیا، ججز کا خط میڈیا کو لیک کرنا بھی سوالات کو جنم دیتا ہے، کسی بھی جج کو کوئی شکایت ہو تو اپنے چیف جسٹس کو آگاہ کرے، اگر متعلقہ چیف جسٹس کارروائی نہ کرے تو سپریم جوڈیشل کونسل کو آگاہ کیا جائے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ اسلام آباد بار اور کراچی بار ایسوسی ایشن کتنا وقت لیں گی، کوئی اور تنظیم ہے جو یہاں موجود ہے، جو انفرادی طور پر آئے ہیں وہ بھی اپنا بتا دیں، اٹارنی جنرل! آپ یہ آرڈر پڑھ لیں، ان کو اصل آرڈر دے دیں۔

عدالت کی ہدایت پر اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ میں حکم نامہ پڑھا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آرڈر پر 3 دستخط ابھی بھی نہیں ہوئے۔

کمرۂ عدالت میں ججز کو آرڈر کاپی دستخط کرنے کے لیے دے دی گئی۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے اٹارنی جنرل سے سول کیا کہ آپ کو وقت چاہیے ہو گا؟

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے استدعا کی کہ مجھے کل تک وقت دے دیں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ آج کون دلائل دینا چاہے گا؟

اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکیل روسٹرم پر آ گئے اور کہا کہ ہم 45 منٹ لیں گے، اس دوران اپنے دلائل مکمل کر لیں گے۔

اعتزاز احسن کی جانب سے خواجہ احمد حسین پیش ہوئے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ہم پہلے وکلاء تنظیموں کو سنیں گے، یہ کیس تو بہت ہی لمبا چل رہا ہے۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے آرڈر کا وہ حصہ پڑھا جس کے تحت وفاقی حکومت نے جواب دینا تھا۔

انہوں نے عدلیہ میں انٹیلی جنس اداروں کی مداخلت پر وفاقی حکومت کے جواب دینے کا آرڈر کا حصہ پڑھا۔

لاہور، بلوچستان ہائی کورٹ بار اور بلوچستان بار کونسل کے وکیل حامد خان بھی عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے دلائل کے لیے 1 گھنٹے کا وقت مانگ لیا۔

سپریم کورٹ بار کے صدر شہزاد شوکت نے بھی دلائل کے لیے آدھا گھنٹہ مانگ لیا۔

ایڈیشنل سیکریٹری سپریم کورٹ بار شہباز کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ ذاتی حیثیت میں الگ درخواست دائر کی ہے، ایگزیکٹیو کمیٹی کی کل رات میٹنگ ہوئی ہے۔

سپریم کورٹ بار کے صدر شہزاد شوکت نے کہا کہ پتہ نہیں کیوں اپنی تشہیر چاہتے ہیں؟

ایڈیشنل سیکریٹری سپریم کورٹ بار شہباز کھوسہ نے کہا کہ میں کوئی تشہیر نہیں چاہتا۔

تعجب ہے اتنے وکیل ہیں لیکن ایک پیج پر نہیں آسکتے: چیف جسٹس

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ تعجب ہو رہا ہے کہ اتنے وکیل ہیں لیکن ایک پیج پر نہیں آسکتے، تعجب ہے کہ وکیل عدلیہ کی آزادی کے لیے بھی ایک پیج پر نہیں آ سکتے، پاکستان بار کونسل سے شروع کرتے ہیں، ہر شخص کہہ رہاہے کہ اپنی بات کرنی ہے۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ میں نے یہ تجویز نہیں کیا کہ انفرادی طور پر یہ کریں، میں یہ تجویز کر رہا تھا کہ ایک باڈی کی میٹنگ کر لیتے، جمہوری ادارے پارلیمنٹ میں اپوزیشن اہم حصہ ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ایک معزز جج نے اضافی نوٹ لکھا وہ بھی پڑھ لیں۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے اضافی نوٹ لکھا تھا، انہوں نے کہا کہ میں معذرت چاہتا ہوں، میری لکھائی اچھی نہیں ہے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ جی واقعی لکھائی اچھی نہیں ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سابق صدر عابد زبیری سے مخاطب ہو کر کہا کہ ہم کسی پرائیوٹ شخص کو فریق نہیں بنائیں گے، وکلاء بتائیں دلائل کے لیے کتنا وقت درکار ہو گا، میں جمہوریت پر یقین رکھتا ہوں، پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار بڑی تنظیمیں ہیں، جب ہدف ایک ہے تو کہیں ایک ہیں، بسم اللّٰہ کریں ہم سنتے ہیں۔

پاکستان بار کونسل کے نمائندے کے دلائل

پاکستان بار کونسل کے نمائندے نے دلائل شروع کرتے ہوئے ججز کے خط کو پڑھا اور کہا کہ ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل سے رہنمائی مانگی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ضروری نہیں کہ ہر کسی کو سنا جائے، میں نے ترجیح آرگنائزیشنز کو دی ہے، پاکستان بار کونسل کو پہلے موقع دیا، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کو پھر سنیں گے، ہدف ایک ہے، کوئی تنازع نہیں، آزاد عدلیہ سب کا مقصد ہے۔

پاکستان بار کونسل کے نمائندے نے کہا کہ ججز نے بہت سنگین الزامات لگائے ہیں۔

نوٹ میں لکھا وفاقی حکومت مطمئن کرے، مداخلت نہیں: جسٹس اطہر

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ نوٹ میں لکھا ہے کہ وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے کہ مطمئن کرے، مداخلت نہیں۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ یہ بات اصل آرڈر کے پیراگراف 5 میں بھی ہے۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ اس پیراگراف میں صرف تجاویز مانگنے کی بات تھی۔

پاکستان بار کونسل کے نمائندے نے کہا کہ پاکستان بار کونسل سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنائے، ججز کے خط میں سنگیں الزمات عائد کیے گئے ہیں، تمام سنگیں الزامات کی تحقیقات ہونا چاہئیے، الزامات کی تحقیقات کے لیے حاضر سروس جج یا ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، آئین کے آرٹیکل 184/3 کے تحت سپریم کورٹ تحقیقات خود نہیں کر سکتی۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ 6 ججز نے خط میں لکھا ہے کہ مداخلت کا عمل جاری ہے، سب مان رہے ہیں کہ مداخلت ہو رہی ہے۔

مداخلت تو ہو رہی ہے، حکومت کچھ نہیں کر رہی: جسٹس جمال

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ مداخلت تو ہو رہی ہے لیکن حکومت کچھ نہیں کر رہی۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ ساری ہائی کورٹس نے اپنی رپورٹس میں سیاسی مقدمات پر سنگین باتوں کو اجاگر کیا ہے، اس وقت پاکستان بار کونسل کی رپورٹ آ چکی تھی، ایک ہائی کورٹ نے تو یہ کہا کہ یہ آئین کو سبوتاژ کیا گیا ہے۔

پاکستان بار کونسل کے نمائندے نے کہا کہ توہینِ عدالت کے تحت توہین، مداخلت اور جج کواسکینڈلائز کرنے پر کارروائی ہو سکتی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل ایک الگ ادارہ ہے، میں سپریم جوڈیشل کونسل کا چیئرمین ہوں لیکن میں بطور خود سپریم جوڈیشل کونسل نہیں، سپریم جوڈیشل کونسل میں دیگر ممبران بھی ہیں۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ ایک ہائی کورٹ نے تو یہ کہا کہ یہ آئین کو سبوتاژ کرنے جیسا ہے، یہ 6 ججوں کا خط نہیں، یہ ایک عمل ہے جو نہ دھرنا فیصلے سے ختم ہوا، نہ کسی اور اقدام سے، اٹارنی جنرل نے کہا کہ 2018ء میں بھی ایسا ہوا، یہ محض 6 ججوں کا خط نہیں انہوں نے نشاندہی کی ہے، یہ ایک رجحان کی عکاسی کرتا ہے، ہر کوئی جانتا ہے کہ یہ چیزیں ہوتی ہیں، یہ رجحان دھرنا فیصلے اور دیگر فیصلے سے ختم نہیں ہوا، ہم نے 76 سال جھوٹ بولا ہے، سچ چھپایا ہے، کیا ڈیٹرنس بنایا جائے کہ یہ رکے؟ آپ ہائی کورٹ کے ججوں سے یہ توقع کر رہے ہیں ہم سب ہائی کورٹ کے جج رہے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ تحقیقات ہو یا نہ ہو؟ مجھے بار بار کہنا پڑ رہا ہے کہ آگے بڑھتے ہیں کیونکہ دیگر افراد بھی ہیں۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ آپ امید کرتے ہیں کہ ایک جج وہ کام کرے جو سپریم کورٹ نہیں کر سکتی، حقیقت بہت مختلف ہے، ہم سب جانتے ہیں حقیقت کیا ہے، ہائی کورٹ کے ججز ہیں، غلط نہیں کہہ سکتے، پاکستان بار نے ہائی کورٹ کے ججوں کی تجاویز دیکھ کر اپنی سفارشات مرتب نہیں کیں، 2018/19 میں ہائی کورٹس کا سب سے بڑا چیلنج سپریم کورٹ کا مسائل پر خاموشی اختیار کرنا تھا، ہائی کورٹ کے 2017ء اور 2018ء کے آزاد ججوں کا چیلنج سپریم کورٹ کی ملی بھگت سے ہو رہا تھا، سب مان رہے ہیں کہ مداخلت ہوتی ہے، اس کا علاج بتا دیں جو ہائی کورٹ کے ججوں نے کہا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ہم وکیل کے وقت سے ججوں کا کیا گیا وقت منہا کریں گے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ہمیں وہ عمل بتایا جائے کہ ہم مداخلت روکنے میں کسی کے محتاج نہ ہوں۔

احسن بھون نے کہا کہ ایسا تو پھر 77 سال سے ہو رہا ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ لیکن اب بس بہت ہو گیا۔

مداخلت سے زیادہ برا عمل قتل ہے، کیا وہ رک گیا؟ چیف جسٹس

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ توہینِ عدالت اور مداخلت سے زیادہ برا عمل قتل ہوتا ہے، قتل کرنا کب سے منع ہے، کیا وہ رک گیا ہے؟ معاشرے ہوتے ہیں، لوگ ہوتے ہیں، یہ چیزیں چلتی رہتی ہیں، آج حکم دیں کہ قتل ہونا بند کر دیا جائے، یہ رکے گا تو نہیں چلتا رہے گا، بات یہ کہ ہم اسے کیسے ڈیل کرتے ہیں، سزا و جزا کا عمل ہے جو چلتا رہے گا، ایک ڈیٹرنس تو یہ ہو سکتا ہے کہ سزائے موت دیکھ کر دوسرے کہیں قتل نہیں کرنا چاہیے، دوسرا یہ کہ کچھ نہ ہو، سزا نہ ہو تو وہ کہیں گے کہ ہم بھی کر لیتے ہیں۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ اس بات پر تو سب متفق ہیں کہ عدلیہ میں مداخلت ہو رہی ہے، حکومت اس مداخلت کو روکنے کے لیے کچھ نہیں کر رہی، سوال یہ ہے کہ اس مداخلت کو ختم کیسے کیا جائے؟ مداخلت کا معاملہ اب 6 ججز کے خط سے آگے بڑھ چکا ہے۔

پاکستان بار کے وکیل نے کہا کہ حکومت کچھ نہیں کر رہی، عدلیہ کو خود ایکشن لینا ہو گا۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ عوام کو سچ جاننے کا پورا حق ہے، عوام کو سب جواب دہ ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ وائس چیئرمین صاحب! ہم آپ سے بحث میں نہیں پڑنا چاہتے، آپ کو سننا چاہتے ہیں، سب لوگوں نے لمبا وقت لیا، کب تک مکمل کریں گے؟

پاکستان بار کے وکیل نے کہا کہ ججوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے کہ ان کے پاس جو قانون موجود ہے اسے استعمال کریں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آپ 3 چیزیں کہہ رہے ہیں، ایک تو تحقیق ہو، دوسرا فوجداری قوانین کو جج استعمال کریں، تیسرا یہ کہ توہینِ عدالت کی کارروائی ہو۔

پاکستان بار تجویز دے کہ وکلاء کی مداخلت کیسے روکیں؟ جسٹس جمال

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ پاکستان بار کو یہ بھی تجویز دینا چاہیے تھی کہ وکلاء کی جانب سے مداخلت کو کیسے روکیں؟

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ آپ ملک کے وکلاء کی نمائندگی کر رہے ہیں، ججز کو تنقید سے ڈرنا نہیں چاہیے چاہے جتنا ہی سخت کیوں نہ ہو، چیف جسٹس کافی مشکل وقت سے بھی گزرے، 2018ء سے آج تک میری دیانتداری پر سوال اٹھا، لیکن کچھ فرق پڑا؟ ججز کو تنقید سے فرق نہیں پڑنا چاہیے، عوام کا ججز پر اعتماد ہونا چاہیے، ملک میں جوڈیشل تاریخ میں سب سے بڑی توہینِ عدالت کیا تھی؟

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ہم سب کو ماننا چاہیے، انڈر ٹیکنگ دیں کہ وکلاء کی مداخلت بھی روکی جائے گی۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یہاں پر ایک کمشنر تھے، انہوں نے جھوٹ بولا، اس کمشنر کے جھوٹ کو سب میڈیا نے چلایا، کسی نے کمشنر کے جھوٹ سے متعلق نہیں پوچھا، جزا و سزا کو چھوڑیں، سچ بولنا شروع کریں، یہ لائیو سماعت ہو رہی ہے، کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا کو کیپچر کر رکھا ہے، اس لیے لائیو سماعت کر رہے ہیں کہ سب دیکھ لیں۔

انتہائی خطرناک بات ہے کہ جج کے بیڈروم سے کیمرا نکلے: احسن بھون

احسن بھون نے کہا کہ لاہور اور پشاور ہائی کورٹ سے جو ردِ عمل آیا ہم نے وہ عدلیہ پر چھوڑا ہے، کوئی دوسری رائے نہیں کہ ڈیٹرنس ہونا چاہیے، انتہائی خطرناک بات ہے کہ جج کے بیڈروم سے کیمرا نکلے، کسی شخص کی نجی زندگی میں مداخلت نہیں ہونا چاہیے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے ان سے کہا کہ یہ کیسے روکا جا سکتا ہے؟ کیا ایسے واقعات کی تفتیش ہو یا نہ ہو؟

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ میں نے جو بذاتِ خود ٹھیک سمجھا وہی کہا ہے، میری رائے ہے کہ دنیا بھر میں سماعتوں میں مداخلت ہوتی ہے، 3 نومبر کو سپریم کورٹ کے 8 ممبر بینچ نے عدلیہ بحال کی، کیسے ہائی کورٹ یا ڈسٹرکٹ کورٹ کے ججز توہینِ عدالت کی کارروائی کر سکتے ہیں؟ ابھی تک معاملہ زیرِ التواء ہے، آپ توہینِ عدالت کی درخواست لائیں، اب تو سب ریٹائرڈ ہو چکے، یہی تو المیہ ہے۔

احسن بھون نے کہا کہ اسی لیے کہا ہے کہ تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

ریاضت علی خان نے کہا کہ عدلیہ کو آزاد کرنے کے لیے ایگزیکٹیو کی ایک فورس عدلیہ کے ماتحت ہونا چاہیے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کہ کیا ایگزیکٹیو اب عدلیہ کے ماتحت نہیں ہے؟

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ ہم خوفزدہ کیوں ہیں؟ سچ کیوں نہیں بولتے؟ ہمیں عدلیہ میں مداخلت کو تسلیم کرنا چاہیے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ میں اس دلیل سے اتفاق نہیں کرتا، میں بالکل واضح کہنا چاہتا ہوں، اگر ایسا ہے تو پھر آپ کو یہاں نہیں بیٹھنا چاہیے، کوئی ایسا کہے تو اسے یہاں بیٹھنے کے بجائے گھر چلے جانا چاہیے۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ میں نہیں کہہ رہا، یہ بات اٹارنی جنرل صاحب نے بھی کہی ہے، میں صرف توہینِ عدالت پر فوکس کر رہا ہوں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آگے بڑھیں، کیونکہ ایسے باتیں ختم نہیں ہوں گی، بیوروکریٹ کے پاس تو کوئی توہینِ عدالت کا اختیار نہیں، عدالت کے پاس تو توہینِ عدالت کا اختیار ہوتا ہے، تنقید اور جھوٹ میں بہت فرق ہوتا ہے، ایک کمشنر نے جھوٹ بولا، میڈیا نے جھوٹ چلایا، دنیا میں ایسا نہیں ہوتا۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ان سے پوچھا کہ آپ توقع کرتے ہیں کہ ماتحت عدلیہ کا جج وہ کام کرے جو سپریم کورٹ کے جج نہیں کر سکتے؟

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یہ کام کرنا ہمارا فرض ہے، ہمارے کندھوں کی بات نہ کریں، یہ ہمارا فرض ہے، آپ نے حلف نہیں لیا میں نے حلف لیا ہے، بہت سارے پریشر ہو سکتے ہیں لیکن یہ میرا فرض ہے، ہم اپنے ہیروز کو کیوں نہیں سراہ رہے ہیں؟ جابر آئے، ہمارے ہیروز کو کہا کہ پی سی او کے تحت حلف لیں، ان ہیروز نے کہا کہ اچھا خدا حافظ، انہوں نے پریشر نہیں لیا، میں اس لیے کہتا ہوں کہ جو غلطی ہو اس کی نشاندہی کرو، باہر ملکوں میں ہتکِ عزت پر جیبیں خالی ہو جاتی ہیں۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ 6 ججز نے ایک ایشو اٹھایا، جس کی ساری ہائی کورٹس نے توثیق کی، ساری ہائی کورٹس نے کہا کہ ہمارے ساتھ بھی یہی ہو رہا ہے، اگر کوئی نشاندہی کرے گا تو اس کے ساتھ ایسا ہو گا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ایسی ڈیٹرنس ہونی چاہیے کہ جو ایسا کرے اس کو بھگتنا پڑے، میرے ساتھ بھی ایسا ہوا ہے۔

صدر سپریم کورٹ بار نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر کہا گیا کہ جج کمپرومائز ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ سماعت سے کیا عدلیہ کا اعتماد مجروح ہوتا ہے، ایسا نہ کہیں کہ سب برابر ہے، ہر معاشرے میں اچھے اور برے لوگ ہوتے ہیں، کہیں کہ کچھ اچھے نکلے اور کچھ برے نکلے۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ صدر صاحب! ہم کس کو جوابدہ ہیں، ہم نے 76 سال جھوٹ بولا ہے؟

صدر سپریم کورٹ بار نے جواب دیا کہ ہم اللّٰہ کو جوابدہ ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ پچھلے 50 سال میں کیا ہوا، میں آپ سے ہمدردی کر سکتا ہوں، بدل نہیں سکتا۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے سوال کیا کہ بتائیں کہ ایسی صورتِ حال میں کیا کیا جائے جس پر ہائی کورٹس بھی روشنی ڈال رہی ہیں؟

صدر سپریم کورٹ بار نے کہا کہ اگر یہ پیغام جائے گا کہ آپ ججز ملے ہوئے ہیں تو کیا پیغام جائے گا؟

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آپ دلائل دیں ورنہ ہم آپس میں لگے رہیں گے، لائٹر نوٹ پر بتاؤں مجھے کسی نے کہا تھا کہ جج کو سنیں اور وکیل کو بولنے دیں۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ کیسے یقین دہانی کی جائے کہ مداخلت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا؟

صدر سپریم کورٹ بار نے کہا کہ سچ کہیں اور اسے نظر آنا چاہیے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ سوری مجھے یہاں مداخلت کرنا پڑے گی۔

صدر سپریم کورٹ بار شہزاد شوکت نے کہا کہ آپ یہ کہہ کر قبول کر رہے ہیں کہ آپ ملے ہوئے تھے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ تو پھر آپ کو یہ کہنا چاہیے کہ آپ کو یہاں بیٹھنے کا کوئی حق نہیں، سوری میں بہت بلنٹ بات کر رہا ہوں کہ آپ یہ کیوں نہیں کہتے کہ آپ کو نہیں بیٹھنا چاہیے، ہائی کورٹ کے ججوں کا خط باہمی خفیہ ادارہ جاتی خط و کتابت تھی جو میڈیا میں آئی۔

’’6 ججوں نے مداخلت کرنیوالوں پر توہینِ عدالت کی کارروائی کیوں نہ کی؟‘‘

صدر سپریم کورٹ بار شہزاد شوکت نے کہا کہ ججز کا خط لیک ہونے کی انکوائری ہونی چاہیے، خط کوئی شکایت نہیں ہے اور یہ عوام کے لیے خط و کتابت نہیں تھی، جسٹس بابر ستار نے یہ کہا ہے جو کہ خط پر دستخط کنندہ ہیں، عدلیہ کی آزادی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، عدلیہ بغیر کسی دباؤ کے اپنے فیصلے کرے، عدالتی معاملات میں مداخلت کرنے والوں کو سزا دی جانی چاہیے، سپریم کورٹ بار ازخود نوٹس کی کارروائی کو خوش آمدید کہتی ہے، عوام کا عدلیہ پر اعتماد مجروح ہوا ہے، ہائی کورٹ مداخلت روکنے کا خود طریقہ کار بنا سکتی ہے، جج کا حلف ہے کہ وہ بلا خوف و رعایت انصاف کرے گا، آرٹیکل 202 اور 203 میں طریقہ کار وضع کرنے کا اختیار موجود ہے، سپریم کورٹ بار اعلیٰ آئینی اصولوں کی حمایت کرتی ہے، 6 ججوں کا خط ایک آنکھ کھولنے کے لیے ہے، 6 ججوں کے خط میں واقعات کی تحقیقات ہونی چاہئیں، 6 ججوں نے سیاسی مقدمات میں مداخلت کرنے والوں پر توہینِ عدالت کی کارروائی کیوں نہ کی؟ ریاست کے دیگر اداروں کو عدلیہ میں مداخلت سے روکنے کے لیے ٹھوس پیغام جانا چاہیے، ماتحت عدلیہ ہائی کورٹ کے زیرِ نگرانی ہے، ان کے تحفظ کا طریقہ کار بنایا جائے، ججوں کے پاس توہینِ عدالت کا آئینی اختیار موجود ہے، اسلام آباد کی ماتحت عدلیہ اور 6 ججوں کا خط واضح ہے کہ جج فری ایجنٹ نہیں ہے، پبلک سماعت اس مسئلے کا کوئی حل نہیں ہے، جج اپنے سوشل دائرہ کار کو محدود کریں، ساتھی جج یا کولیگ سے دباؤ ہو تو اس کی شکایت چیف جسٹس کو کی جائے، چیف جسٹس شکایت دور نہ کر سکیں تو پھر سپریم جوڈیشل کونسل میں جائیں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ سوشل میڈیا کے چیلنج کی بات کی، اس پر کیا عدلیہ توہینِ عدالت کی کارروائی کرے؟

صدر سپریم کورٹ بار شہزاد شوکت نے جواب دیا کہ کسی بھی جج کی ٹرولنگ کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ آپ اس ملک کے وکلاء کی نمائندگی کر رہے ہیں، ہمیں کسی بھی قسم کی تنقید سے بطور جج نہیں گھبرانا چاہیے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ تنقید اور توہین میں فرق ہوتا ہے۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ تنقید سے کسی جج کی انٹیگریٹی متاثر نہیں ہوتی، اس ملک کی تاریخ میں سب سے سنگین عدالتی توہین کب ہوئی؟ 3 نومبر 2007ء کو 7 ججوں نے حکم جاری کیا، عدلیہ عوامی طاقت سے بحال ہوئی، یہ عدالت اس معاملے میں توہینِ عدالت تک جاری نہ کر سکی، 7 رکنی بینچ کے حکم کی ناصرف خلاف ورزی ہوئی بلکہ ججوں کو قید کر دیا گیا، یہ صورتِ حال ہے جس کا ہمیں سامنا ہے۔





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں