امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات گیم چینجر بننے جارہے ہیں۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ایسے لوگ الیکشن لڑتے نظر آرہے ہیں جو سانحہ بلدیہ فیکٹری میں ملوث تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس شہر کو بلدیہ فیکٹری جلانے والوں کے ہاتھ میں نہ دو، دوبارہ سے بھتہ خوری اور دہشت گردی نہیں کرنی چاہیے، ڈسنے والوں کو جو مسلط کرے گا وہ سانپ ہی کہلائے گا۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ آئی ٹی کی تعلیم بہت مہنگی ہوتی جا رہی ہے، تعلیم کے مواقع کم ہیں، حکومتی پالیسیوں میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع نہیں مل رہے، شہر میں بیروزگاری ہے، شہری دیکھ رہے ہیں کون بنو قابل اور کون بنو قاتل کرتا رہا ہے۔
امیرِ جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں متعدد بچوں کو فیل کر دیا گیا تھا، انٹر کے بچوں کو بڑی تعداد میں فیل کیا گیا، سندھ میں گھوسٹ ملازمین اور گھوسٹ اسکول ہیں، گھوسٹ اسکول ہم ختم کریں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ کراچی اور سندھ کے بچوں کے لیے ہیلتھ کارڈ کیوں نہیں ہوسکتا، اسپتالوں کو جماعت اسلامی ٹھیک کرے گی، کسی نے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو حکومت بنانے دیں گے نہ چلانے دیں گے۔