Monday, December 30, 2024
ہومPakistanافغان سرزمین پر پاکستان کی مبینہ کارروائی، طالبان حکومت کی سخت نتائج...

افغان سرزمین پر پاکستان کی مبینہ کارروائی، طالبان حکومت کی سخت نتائج کی دھمکی



افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستان کی جانب سے افغان سرزمین پر مبینہ فضائی کارروائی کی مذمت کی ہے اور اس عمل کو افغانستان کی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے پیر کو سماجی رابطے کی سائٹ ‘ایکس’ پر ایک بیان میں کہا کہ اتوار کی شب تین بجے کے قریب پاکستانی طیاروں نے صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل اور صوبہ خوست کے ضلع سیپرہ میں شہریوں کے گھروں پر بمباری کی ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کی فضائی کارروائی میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں تین خواتین اور تین بچے شامل ہیں۔

افغان سرزمین پر پاکستان کی مبینہ کارروائی سے متعلق وائس آف امریکہ نے پاکستان کے دفترِ خارجہ سے رابطے کی کوشش کی لیکن تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

پاکستان کی فوج نے بھی مبینہ کارروائی سے متعلق تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

ایک عینی شاہد ملک نور خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ساڑھے تین بجے کے قریب انہوں نے لڑاکا طیاروں کی گرج دار آوازیں سنیں جس کے بعد دھماکے ہوئے۔

ان کے بقول، فضائی حملے کے بعد وہ اپنے اہلِ خانہ سمیت قریب واقع گھنے جنگل میں چلے گئے۔

ملک نورخان نے بتایا کہ علاقے میں پاکستانی مہاجر آباد ہیں جو اپنے ملک میں آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد ہجرت کر کے یہاں مقیم ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ہفتے کو شمالی وزیرستان میں ایک حملے میں فوج کے دو افسران سمیت سات سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے شمالی وزیرستان واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ہفتے کو پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کو افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا علم ہے اور اس حملے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد پار سے کارروائی جیسے واقعات کے بھیانک نتائج نکل سکتے ہیں جس پر قابو پانا پاکستان کے بس کی بات نہیں ہو گی۔

طالبان ترجمان کے مطابق انہیں دنیا کی سپر پاورز کے خلاف جدوجہد کا طویل تجربہ ہے۔ پاکستان کی نئی حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی فوج کے جرنیلوں کو غلط پالیسیاں جاری رکھنے اور پڑوسی مسلم ممالک کے تعلقات خراب کرنے سے روکے۔



Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں