راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اے ٹی سی راولپنڈی نے ہملٹن روڈ دستی بم دھماکے کے دو ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنادی۔ مجرموں نصرت خان اور عادل خان کو تین تین مرتبہ سزائے موت سنائی گئی۔
عدالت نے دونوں مجرموں کو تین تین مرتبہ عمر قید کی سزا بھی سنادی۔ مجرموں کو مجموعی طور پر 25 سال قید اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
واضح رہے کہ 13 دسمبر 2020 کو سی ٹی ڈی نے محمد اسحاق خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔
ہملٹن روڈ دستی بم دھماکے میں ایک خاتون جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوئے تھے۔ عدالت نے مجرموں کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔جبکہ مجرموں کو جاں بحق خاتون کے ورثا کو پانچ پانچ لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
عدالت نے دھماکے میں زخمیوں کو مجموعی طور پر 21 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا۔ مجرموں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے ہرجانے کی عدم ادائیگی پر مجرموں کی جائیداد فروخت کرنے کا حکم دیا۔