Saturday, January 4, 2025
ہومPakistanشیر افضل مروت پارٹی میں کسی اور مقصد کے لیے آیا تھا،...

شیر افضل مروت پارٹی میں کسی اور مقصد کے لیے آیا تھا، حامد خان


فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حامد خان نے کہا ہے کہ جو پارٹی کے لیے نقصان دہ تھے ان کو کافی حد تک سائیڈ لائن کر دیا ہے، چند کا تو پتہ چل گیا ہے جن میں سے ایک شیر افضل مروت ہے جو کسی اور مقصد کے لیے آیا تھا۔

نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ شیر افضل مروت ذاتی تشہیر کرتے تھے، انہوں نے بیانات دے کر پارٹی کو نقصان بھی پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اورشاہ محمود قریشی پابند سلاسل ہیں، اس لیے قیادت کا خلا ہے۔

حامد خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے جو ملاقات کرتے ہیں وہ ان سے ملنے والی ہدایات کی مختلف تشریح کرتے ہیں، کچھ لوگ اپنی ذاتی تشہیر کے لیے ایسا کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ کچھ لوگ ایسے ہیں جن سے متعلق تشویش اور شک ہے کہ وہ پارٹی سے مخلص نہیں، ایسے کچھ اوربھی ہیں جو پارٹی کے اندر اختلافات بڑھانے کے لیے بیانات دیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں والے فیصلے کے بعد حکومت نے حواس باختہ ہو کر پی ٹی آئی پر پابندی کی بات کی، حکومت کو اصل خوف ٹربیونلز سے ہے، بیشتر سیٹوں بالخصوص پنجاب میں قومی و صوبائی اسمبلی پر تو لمبی انکوائری کی ضرورت نہیں۔

حامد خان نے کہا کہ بیشتر سیٹوں پر تو فارم 45 کی گنتی کر کے ہی ہماری بہت ساری سیٹیں نکل آئیں گی، ان کے ذہن میں یہ خوف ہے کہ یہ اب ہماری سیٹیں خالی کرائیں گے، خواجہ آصف کے بارے میں کس کو نہیں پتہ کہ 27 ہزار ووٹ سے عثمان ڈار کی والدہ سے ہار گئے تھے۔

پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا ہے کہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، عون چوہدری سمیت ان کے بیشتر لوگ بری طرح ہارے ہیں، جس دن بھی صحیح گنتی ہو گئی اس دن دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بہت کچھ سیکھا ہے، 8 فروری کے بعد جب ان سے ملاقات ہوئی تو وہ بہت خوش تھے کہ قوم نے ان کی بات سن لی ہے، بانی پی ٹی آئی کلیئر ہیں جس نے ایک بار پارٹی چھوڑ دی اسے واپس نہیں لانا، جو لوگ خاموش ہو گئے ان کی واپسی پر غور کیا جا سکتا ہے، سب کا نہیں کہہ سکتا جنہوں نے پریس کانفرنس کی پارٹی بنائی اور جوائن کیا وہ نہیں آسکتے۔

ان کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری تو استحکام پارٹی میں شامل ہوئے اور وہاں منہ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے تھے، عمران اسماعیل ، فواد اور عامر کیانی استحکام پارٹی بنانے والوں میں شامل ہیں، جیل کاٹنا پتہ نہیں وہ ڈراما تھا کیا تھا، فواد چوہدری پلانٹڈ آدمی ہے، فواد چوہدری ہے تو پلانٹڈ بندہ اور آج سے نہیں ہمیشہ سے پلانٹڈ ہے، اب بھی وہ جو کچھ کر رہے ہیں وہ چاہتے ہیں پھر پارٹی کو اندر سے نقصان پہنچائے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ ہمارے نزدیک سب بڑی زیادتی عدم اعتماد کے وقت اسمبلیوں سے استعفے دینا تھا، شاہ محمود اور پرویز الہٰی نے بتایا کہ فواد چوہدری اور شیخ رشید نے بانی پی ٹی آئی کو استعفوں پر مجبور کیا۔

حامد خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق کچھ نہیں کہنا چاہتا کیوں کہ ان سے بات چل رہی ہے، ان کی اسٹیبلشمنٹ سے جو توقعات تھیں وہ پوری نہیں ہوئیں، وہ جو کہہ رہے ہیں وہ فرسٹریشن میں کہہ رہے ہیں۔





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں