Wednesday, December 25, 2024
ہومPakistanعلی امین مسلح جتھوں کیساتھ آرہے پنجاب پر چڑھائی نہیں کرنے دینگے:عظمیٰ...

علی امین مسلح جتھوں کیساتھ آرہے پنجاب پر چڑھائی نہیں کرنے دینگے:عظمیٰ بخاری



(24نیوز)صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور مسلح جتھوں کے ساتھ راولپنڈی آرہے ہیں، پنجاب پر کسی کو چڑھائی نہیں کرنے دیں گے۔

لاہور میں صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ احتجاج کے لیے خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری وسائل استعمال کیے جارہے ہیں، علی امین گنڈاپور مسلح جتھوں کے ساتھ راولپنڈی آرہے ہیں، علی امین گنڈاپور پولیس فورس کے ساتھ اپنی ذاتی فورس کو لارہے ہیں، تمام فورس کے ساتھ ہیوی اسلحہ بھی ہے، پنجاب پولیس کو ایسے لوگوں کا علاج کرنا آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے پنجاب کے اندر قانون موجود ہے، جمہوریت کا شیلٹر اب آپ کو نہیں لینے دیں گے، جج صاحبان سے گزارش ہے کہ یہ دیکھیں ایسے جلسے ہوتے ہیں؟ قیدی نمبر 804 ملک کے اندر خونریزی کروا رہا ہے، لاشوں کے اوپر سیاست کرنا ان کا پرانا وطیرہ ہے،ان کو پنجاب پر چڑھائی کرنے نہیں دیں گے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی ماؤں سے پوچھنا چاہتی ہوں آپ کے بچوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ کیوں نہیں ہونا چاہیے؟ ہمیں خیبرپختونخوا کے بچوں کی بھی اتنی ہی فکر ہے جتنی پنجاب کے بچوں کی ہے، راولپنڈی میں لوگ اپنے معمول کے مطابق کام کررہے ہیں، فساد صرف اور صرف کے پی سے آرہاہے، پنجاب نے جلسے اور دھرنے کی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔

علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اس وقت ملک میں دو فورسز کام کررہی ہیں، ایک فورس جو ملک کو ٹھیک کرکے جاتی ہے دوسری فورس ملک میں تباہی چاہتی ہے،جنہوں نے چلتے پھرتے ملک کو اپنی انا کی بھینٹ چڑھایا، ہمارے ساتھ بھی ظلم ہوا تھا،ہم نے کبھی ایسا نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 15سالوں میں پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کو دیوالیہ بنادیا، ہم نے جلسہ کرنا ہو ہمیں پریشانی ہوجاتی ہے، 2022 میں 8 ارب روپے سوشل میڈیا کا بجٹ کس پارٹی کا تھا؟ 24 گھنٹے لوگوں کے ذہنوں میں زہر گھولا گیا۔

خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ ہماری لیڈر شپ کا قصور ہے کہ وہ اعلیٰ ظرف کے مالک ہیں، ہر چیز کی ایک لمٹ ہوتی ہے اور وہ لمٹ اب ختم ہوچکی ہے،ہم دو صوبوں کے درمیان لڑائی نہیں چاہتے، وقت آنے والا ہے اب احتساب ہوکر رہے گا۔ 
 





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں