Saturday, January 4, 2025
ہومPakistanچچا کے فلیٹ سے 28 لاکھ روپے چوری کرنے والا بھتیجا ساتھی...

چچا کے فلیٹ سے 28 لاکھ روپے چوری کرنے والا بھتیجا ساتھی سمیت پکڑا گیا



حیدرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )رشتے کے چچا کے فلیٹ سے 28 لاکھ سے زائد نقدی اورلاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات چوری کرنے والا بھتیجا اپنے ساتھی سمیت پکڑا گیا، دونوں نے ایک اورشخص کے گھر سے بھی لاکھوں روپے نقدی اور زیورات چوری کرنے کا اعتراف کرلیا۔
روز نامہ امت نے اطلاعات کے حوالے سے بتایا کہ سخی پیر پولیس نے ایک کارروائی کے دوران تھانہ سخی پیر کی حدود میں ہونے والی دو چوریوں کی وارداتوں میں ملوث دوملزمان شجاعت ولد محمد اسلم راجپوت اور رضوان ولد عباس قریشی کو گرفتارکرکے دوگھروں سے چوری کئے جانے والے لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات اورمختلف مالیت کے طلائی زیورات برآمد کرلئے۔
سخی پیر پولیس کے مطابق پہلی چوری کی واردات بارہ دسمبر کو گﺅشالہ کے علاقے میں محمدی مسجد کے قریب واقع علاوالدین مینشن میں رہائش پذیر سبزی کاکام کرنے والے عمران آرائیں کے گھر ہوئی جس کے دوران نامعلوم چورگھر اورالماری کے تالے توڑ کر دولاکھ روپے نقدی، ساڑھے گیارہ ہزار روپے مالیت کے مختلف انعامی بانڈز، کئی لاکھ روپے مالیت کے تین طلائی سیٹ، ایک طلائی سونے کی چین اور ایک طلائی انگوٹھی چوری کرکے لے گئے تھے
جبکہ دوسری واردات تیرہ دسمبر کو حناپلازہ سخی پیر روڈ لیاقت کالونی میں رہائش پذیر موبائل فون شاپ کے مالک شہریارراجپوت کے فلیٹ میں ہوئی جہاں سے نامعلوم چورفلیٹ کا سینٹرل لاک کھول کراندر داخل ہوئے اوردو الماریوں کے تالے توڑ کر الماری میں موجود فلیٹ خریدنے اور لاٹری کی رقم 28لاکھ روپے نقدی، آٹھ لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، شہریار کے بھائی محمد شعیب کی الماری سے 2 لاکھ 40ہزار روپے نقدی چوری کرکے لے گئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتارملزم شجاعت راجپوت اوررضوان قریشی نے چوری شدہ رقم میں سے چند لاکھ روپے خرچ کرلئے تاہم باقی تمام مسروقہ رقم، طلائی زیورات اور انعامی بانڈز برآمد کرلئے گئے۔ پولیس کے مطابق گرفتارملزم شجاعت راجپوت اصل میں موبائل فون شاپ مالک شہریار راجپوت کے تایا زاد بھائی کا بیٹا ہے اوراس طرح ملزم اسکا رشتے میں بھتیجا لگتا ہے جس کا ان کے فلیٹ میں آناجاناتھا اوراسے معلوم تھا کہ گھر میں بڑی مالیت کی نقدی پڑی تھی اوراسے علم بھی تھا کہ اس کے چچا کی فیملی شادی میں گئی ہوگی تواس نے وہاں چوری کا پروگرام بنایا۔





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں