فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ن لیگ پنجاب کے صدر راناثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی وجہ سے ملک بے یقینی اور بدحالی کا شکار ہوا، قوم نے نواز شریف کو ووٹ دیا لیکن ایک سازش کے تحت اس حکومت کو ختم کیا گیا۔
این اے 100 میں انتخابی جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کس کی کوتاہی کی وجہ سے ترقی کرتا ملک مشکل کا شکار ہوا، یہ سوچنے والی بات ہے، اس کے بعد آنے والی حکومت نے نفرت کا بیج بویا، ملک بے یقینی اور بدحالی کا شکار ہوا، لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی ، مہنگائی سے بڑے مسائل ہیں جن پر ہم نے قابو پایا، نواز شریف نے وعدہ کیا ہے قوم ہم پر یقین کرے ہم مسائل ختم کریں گے، نفرت کی سیاست سے ملک پیچھے گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے الیکشن میں کیے گئے تمام وعدے بھی اس مرتبہ پورا کریں گے، یقین ہے کہ ن لیگ 8 فروری کے بعد پنجاب اور وفاق میں حکومت بنائے گی، آٹھ فروری کو شیر پر مہر لگائیں۔