ایک سیارچہ بہت تیز رفتاری سے زمین کے قریب پہنچ رہا ہے جو 25 جولائی کو ہمارے سیارے کے قریب پہنچے گا۔
امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق ایسٹرائیڈ 2011 ایم ڈبلیو 1 نامی یہ سیارچہ 380 فٹ چوڑا ہے اور 25 جولائی کو زمین کے قریب سے گزرے گا۔
ناسا کے مطابق یہ سیارچہ 28 ہزار 946 کلومیٹر کی رفتار سے سفر کر رہا ہے اور اس سے زمین کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔
ناسا کے مطابق یہ سیارچہ زمین سے 24 لاکھ میل دوری سے گزرے گا۔ ناسا نے اسے نیئر ارتھ ایسٹرائیڈز کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے مگر اسے خطرناک سیارچوں میں شامل نہیں کیا گیا۔
نیئر ارتھ ایسٹرائیڈز کی فہرست میں 35 ہزار کے قریب سیارچے شامل ہیں۔ زمین کے قریب سے گزرنے والا سیارچہ کسی بلند و بالا عمارت کے حجم کے برابر ہے اور اس کے سفر پر ناسا کی جانب سے نظر رکھی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ نظام شمسی تشکیل پانے کے بعد بچ جانے والے مادوں کے ذرات سے سیارچے بنے تھے جو زیادہ تر سورج کے گرد چکر لگاتے ہیں۔
بیشتر سیارچے کافی چھوٹے ہوتے ہیں اور ان کی زیادہ تعداد مریخ اور مشتری کے دوران واقع سیارچوں کی پٹی میں موجود ہے۔ ناسا کی جانب سے ان سیارچوں پر نظر رکھی جاتی ہے تاکہ زمین کو کسی ممکنہ خطرے سے بچایا جاسکے۔
امریکی خلائی ادارے نے سیارچوں کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تجرباتی ڈارٹ مشن کو ایک سیارچے ڈیمورفس سے ٹکرایا تھا۔
اس مشن کا مقصد سیارے کے مدار کے راستے میں معمولی تبدیلی لانا تھا اور ناسا نے اسے کامیاب قرار دیا تھا۔