ترک خلاباز ایلپر گیزراوشی دیگر خلابازوں کے ساتھ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کا سفر کرنے والے ترکی کے پہلے شہری بن چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلپر گیزراوشی کے ساتھ اس سفر میں دو دیگر خلاباز بھی موجود تھے جن کا تعلق سویڈن اور اٹلی سے تھا۔ خلابازوں کو فالکن نامی چارٹرڈ SpaceX کی فلائٹ سے بین الاقوامی اسپیس اسٹیشن پر روانہ کیا گیا۔
فالکن راکٹ ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے لانچ کیا گیا جس میں فوجی پائلٹ کا تجربہ رکھنے والے تینوں خلاباز اپنے اپنے وطن کی نمائندگی بھی کر رہے ہیں۔
سفر پر ان کے ساتھ ناسا کے ایک سینیئر سابق خلاباز بھی موجود تھے جو اب ادارے کے لیے نجی پروازوں کا انتظام سنبھالتے ہیں۔
اسٹیشن پر پہنچنے کے بعد خلاباز وہاں دو ہفتے قیام کریں گے جبکہ زمیں پر واپس آنے سے پہلے انہیں وہاں کچھ تجربات بھی انجام دینے ہیں۔ اس سفر کے لیے ہر خلاباز کی لاگت تقریباً 55 ملین ڈالر ہے جو ان کے متعلقہ ممالک نے ادا کی ہے۔
سفر کا انتظام ہیوسٹن کی کمپنی Axiom Space نے ناسا اور اسپیس ایکس کے ساتھ مل کر کیا ہے۔
واضح رہے کہ روس دو دہائیوں سے بھی قبل عرصے سے شہریوں کو مخصوص قیمت کے عوض خلائی سٹیشن بھیج رہا ہے تاہم ناسا کو یہ پروگرام شروع کیے ہوئے تقریباً 2 سال کا عرصہ ہوا ہے۔