واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )خواتین کے بعد اب مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ خواتین کے اواتار بھی مقابلہ حسن کی دوڑ میں آمنے سامنے ہوں گے۔
روز نامہ جنگ نے غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا کہ Fanvue نامی کمپنی دنیا میں پہلی بار اے آئی مس ورلڈ نامی مقابلہ حسن کا انعقاد کر رہی ہے۔اس مقابلے کا مقصد اے آئی ٹیکنالوجی میں پیشرفت کو ظاہر کرنا اور روایتی خوبصورتی کے اس مقابلے کے فارمیٹ کو بھی زندہ کرنا ہے۔مقابلے میں خواتین کے ایسے ڈیجیٹل اواتار شریک ہوسکیں گے جو سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں، اس مقابلے کے نتائج کا اعلان 10 مئی کو کیا جائے گا۔اس مقابلے میں کامیاب اواتار کا انتخاب خوبصورتی، آن لائن موجودگی اور اے آئی ٹولز استعمال کرنے کے لئے کریٹیر کی صلاحیت کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔مقابلے کے 4 میں سے 2 ججز اے آئی ماڈلز ایٹانہ لوپیز اور ایملی پیلیگرینی ہیں جن کو مختلف برانڈز کی جانب سے ماڈلنگ کا کام بھی دیا جاتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابقFanvue کمپنی کو مقابلے میں متعدد انٹریز کی توقع ہے۔ان کا کہنا ہے کہ متوقع امیدواروں کو اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ تصویر جمع کرانا ہوگی اور مختلف سوالات کے جواب دینا ہوں گے۔
کمپنی کے مطابق انٹریز میں سے 10 ڈیجیٹل اواتارز کو حتمی مقابلے کے لئے منتخب کیا جائے گا، جن میں سے 3 کو کامیاب قرار دیا جائے گا۔مقابلہ جیتنے والے کریٹیر کو 20 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم بھی دی جائے گی جبکہ اسے 3 ہزار ڈالرز مالیت کے پروگرام کا حصہ بھی بنایا جائے گا۔