گوگل نے 2024ء میں پاکستانیوں کی پسندیدہ سرچز کی 6 مختلف کیٹیگریز میں فہرست جاری کر دی۔
ان 6 کیٹیگریز میں کرکٹ، معروف شخصیات، موویز، ڈرامہ، ریسیپی، ہاؤ ٹو اور ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
اس حوالے سے گوگل کے پاکستان کے لیے مقرر کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی کا کہنا ہے کہ اس سال کی گوگل سرچز کی فہرست ایک ایسے پاکستان کو ظاہر کرتی ہے جو اپنے آباؤ اجداد کی روایات کو مضبوطی سے تھامے رکھنے کے ساتھ ساتھ نئے ڈیجیٹل دور کے مقبول رجحان کو بھی کھلے دل سے قبول کرتا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ کرکٹ کی پچ سے لے کر کچن تک، سلور اسکرین سے لے کر سرچ بار تک، پاکستانی اپنے شوق کو تلاش کرنے، اپنی ثقافت سے جڑنے اور اپنے مستقبل کو سنوارنے کے لیے گوگل کا استعمال کر رہے ہیں۔
فرحان قریشی نے بتایا کہ اس سال آرٹیفیشل انٹیلیجنس بہت اہم رہی ہے اور ہم پاکستانیوں کو ویب اور اپنے ارد گرد کی دنیا کو مزید دریافت کرنے میں مدد کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے کے منتظر ہیں۔
گوگل کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق پاکستانی اس سال سب سے زیادہ ایرانی فوٹو گرافر عباس عطار کو سرچ کرتے رہے۔
یہ واضح نہیں ہے کہ عباس عطار پاکستانیوں کی خصوصی توجہ کا مرکز کیوں بنے لیکن شاید عباس عطار کو پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے کی وجہ اس سال ان کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر گوگل کی جانب سے جاری کیا گیا خصوصی ڈوڈل ہو۔
پاکستان میں 2024ء میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیات کے نام درج ذیل ہیں۔
1- عباس عطار
2- ایٹل عدنان
3- ارشد ندیم
4- ثناء جاوید
5- ساجد خان
6- شعیب ملک
7- حریم شاہ
8- مناہل ملک
9- زویا ناصر
10- مکیش امبانی