Wednesday, December 25, 2024
ہومSportsسری لنکا نے 27 سال بعد بھارت سے ون ڈے سیریز جیت...

سری لنکا نے 27 سال بعد بھارت سے ون ڈے سیریز جیت لی



(افضل بلال) تیسرے ون میں بھارت کو 110 رنز سے شکست دے کر میزبان سری لنکا نے 27 سال بعد بھارت سے ون ڈے سیریز جیت لی۔

سری لنکن شہر کولمبو میں ہونے والے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں بھارت کے خلاف میزبان سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا نے 249 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں بھارت کی ساری ٹیم صرف 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

سری لنکا کی جانب سے اوپنر بلے بازوں نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، اور 89 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ لگائی، نمبر 3 پر آنے والے وکٹ کیپر بلے باز کوشال مینڈس نے تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور اوپنر اویشکا فرنینڈو کا بھرپور ساتھ دیا، ٹاپ آڈر کے علاوہ کوئی بھی سری لنکن بلے باز کریز پر جم نہ سکا، سری لنکا کی جانب سے اوپنر اویشکا فرنینڈو 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 102 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 96 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، ان کے علاوہ دوسرے اوپنر بلے باز پاتھم نیسانکا نے 45 اور کوشال مینڈس نے 59 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 248 تک پہنچایا۔

بھارت کی جانب سے ریان پراگ سب سے کامیاب گیند باز ثابت ہوئے، انہوں نے 9 اوورز میں 54 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، ان کے علاوہ محمد سراج، اکثر پٹیل، واشنگٹن سندر اور کلدیپ یادو نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین واپس بھیجا۔

سری لنکا کے 249 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے اور 37 رنز کے مجموعی سکور پر اوپنر شبمن گل آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد کوئی بھی بلے باز کریز پر قدم نہ جما سکا، روہت شرما، ویرات کوہلی، ریشب پنٹ، کے ایل راہول اور شریاس آیر سمیت تمام بلے باز سری لنکن گیند بازوں کی نپی تلی بولنگ کے آگے بے بس نظر آئے، یوں ساری ٹیم 26.1 اوور میں 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی، بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما 35، واشنگٹن سندر 30 اور ویرات کوہلی 20 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش اے کا دورہ پاکستان، پی سی بی نے نظرثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا

سری لنکا کی جانب سے ڈنیتھ ویلالیگے نے عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5.1 اوورز میں 27 رنز کے عوض 5 وکٹیں اڑائیں، ان کے علاوہ جیفری وینڈرسے اور مہیش تھیکشانہ نے 2، 2 جبکہ آشیتا فرنینڈو نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے 27 سال بعد بھارت سے ون ڈے سیریز جیتی ہے، عمدہ بلے بازی کے باعث اویشکا فرنینڈو میچ کے بہترین کھلاڑی جبکہ ڈنیتھ ویلالیگے بہترین آل راؤنڈ پرفارمنس کے باعث سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں