Thursday, December 26, 2024
ہومSportsپیرس اولمپک 2024: بیڈمنٹن میں لکشیہ سین کے بعد ساتوِک-چراغ کی جوڑی...

پیرس اولمپک 2024: بیڈمنٹن میں لکشیہ سین کے بعد ساتوِک-چراغ کی جوڑی نے بھی کیا جیت سے آغاز


بیڈمنٹن کے سنگلز مقابلے میں لکشیہ سین نے بہ آسانی 2 سیٹ میں جیت حاصل کر لی، جبکہ چراغ اور ساتوِک کی جوڑی نے مینس ڈبلز مقابلے میں فرانس کی جوڑی کو 17-21 اور 14-21 سے شکست دی۔

user

ایئر پسٹل شوٹنگ میں ہندوستان کی خاتون شوٹر منو بھاکر کی بہترین کارکردگی کے بعد، کچھ دیگر شعبوں میں بھی ہندوستان کے لیے اچھی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ بیڈمنٹن میں لکشیہ سین نے سنگلز مقابلے میں آسان جیت حاصل کر لی ہے، جبکہ بیڈمنٹن کے مینس ڈبلز مقابلے مین ساتوک-چراغ کی جوڑی نے بھی شاندار فتح حاصل کی ہے۔ علاوہ ازیں ٹیبل ٹینس میں ہندوستانی کھلاڑی ہرمت دیسائی نے بھی سنگلز مقابلے میں جیت کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا ہے۔

پیرس اولمپک میں میڈل کے دعویدار ساتوک سراج رنکی ریڈی اور چراغ سین کی جوڑی نے مینس ڈبلز میں ہفتہ کے روز انتہائی آسان جیت درج کی۔ ساتوک اور چراغ نے 46 منٹ تک چلے مقابلے میں فرانس کے لکاس کوروی اور رونان لابار کی جوڑی کو 17-21، 14-21 سے شکست دی۔ چراغ اور ساتوک نے ٹوکیو اولمپک میں بھی حصہ لیا تھا، لیکن گروپ اسٹیج میں ہی شکست ہاتھ لگی تھی اور دونوں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔ حالانکہ اب حالات بہت بدل چکے ہیں۔ ساتوک-چراغ دنیا کی نمبر ایک جوڑی ہے اور انھوں نے میچ میں اپنی طاقت کا بہترین مظاہرہ بھی کیا۔ چراغ اور ساتوک سے ہندوستان کو بہت امیدیں وابستہ ہیں۔

اس سے قبل اولمپک میں اپنا ڈیبو کرنے والے ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی لکشیہ سین نے سنگلز مقابلے میں جیت کے ساتھ شروعات ضرور کی، لیکن انھیں آخر میں کچھ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ لکشیہ نے میچ میں کیون کارڈن کو 8-21، 20-22 سے شکست دی۔ گروپ ایل کے مقابلے میں دنیا کے 41ویں نمبر کے کھلاڑی کارڈن کے خلاف لکشیہ کی کارکردگی دیکھنے لائق تھی۔ حالانکہ گوانٹے مالا کے کھلاڑی نے دنیا کے 18ویں نمبر کے کھلاڑی لکشیہ کو دوسرے گیم میں زبردست ٹکر دینے کی کوشش کی، لیکن آخر میں لکشیہ نے واپسی کرتے ہوئے اس گیم کو بھی اپنے نام کر جیت حاصل کر لی۔ اب لکشیہ سین کا گروپ کے دوسرے مقابلے میں بلجیم جولین کاراگی سے سامنا ہوگا۔

اس سے قبل ہندوستان کے ٹیبل ٹینس کھلاڑی ہرمیت دیسائی نے بھی پیرس اولمپک میں جیت کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا۔ ہرمیت نے مینس سنگلز مقابلے میں زاید ایبو یمن کو یکطرفہ انداز میں 0-4 سے شکست دے دی۔ ہرمیت نے 30 منٹ تک چلے اس مقابلے میں 7-11، 9-11، 5-11، 5-11 سے جیت درج کی۔ ہرمیت اس کے ساتھ ہی راؤنڈ آف 64 میں پہنچ گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔






Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں