Thursday, December 26, 2024
ہومSportsچیمپئنز ون ڈے کپ: یو ایم ٹی مارخورز  نے لیک سٹی پینتھرز...

چیمپئنز ون ڈے کپ: یو ایم ٹی مارخورز  نے لیک سٹی پینتھرز کو 160 رنز سے ہرا دیا



(24 نیوز) بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کے افتتاحی میچ میں یو ایم ٹی مارخورز  نے لیک سٹی پینتھرز کو 160 رنز سے ہرا دیا۔

فیصل آباد میں جاری بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کے افتتاحی میچ میں یو ایم ٹی مارخورز نے کامران غلام کی سنچری، عبدالصمد اور افتخار احمد کی نصف سنچریوں اور پھر نسیم شاہ اور عاکف جاوید  کی عمدہ بولنگ کی بدولت  لیک سٹی پینتھرز  کو بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کے افتتاحی میچ میں 160 رنز سے شکست دے دی۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں لیک سٹی پینتھرز کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر محمد رضوان کی یو ایم ٹی مارخورز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے مقررہ 50  اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے، پینتھرز کی ٹیم  جواب میں34.5 اوورز میں 187  رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔

مارخورز کی اننگز کی خاص بات کامران غلام کی سنچری تھی جنہوں نے 102 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 115 رنز سکور کیے، یہ لسٹ اے ون ڈے میں ان کی ساتویں سنچری ہے، فخر زمان کے 17 اور محمد فیضان کے 34 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد کامران غلام نے کپتان محمد رضوان کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 133 رنز کا اضافہ کیا، رضوان 3 چھکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر آؤٹ  ہوئے۔

کامران غلام اور افتخار احمد کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں  62 رنز بنائے، افتخار احمد نے7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رنز ناٹ آؤٹ سکور کیےاور عبدالصمد کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 87 رنز کا اضافہ کیا، عبدالصمد نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 25 گیندوں پر 62  رنز بنائے جس میں6 چھکے اور4 چوکے شامل تھے، پینتھرز کی طرف سے مبصرخان اور محمد حسنین 2، 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے۔

پینتھرز نے 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز شروع کی تو عاکف جاوید اور نسیم شاہ کی بولنگ نے اسے کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا، عبدالواحد بنگلزئی 4 صائم ایوب 20، اذان اویس ایک عثمان خان 8، حیدرعلی 2 اور  کپتان شاداب خان 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، دسویں اوور کے اختتام پر پینتھرز کی 6 وکٹیں صرف 52 رنز پر گرچکی تھیں۔

عماد بٹ نے9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے72  رنز سکور کیے، انہوں نے مبصرخان ( 33 رنز ) کے ساتھ 59 رنز کا اضافہ کیا جبکہ اسامہ میر( 21 رنز )  کے ساتھ بھی59  رنز کی شراکت قائم کی تاہم ان کی کوشش ناکافی ثابت ہوئی، نسیم شاہ نے 27  رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں، عاکف جاوید نے 43 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈکپ 2023 سے بھارت نے کتنی کمائی کی؟ آئی سی سی کی رپورٹ جاری
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ جمعہ کو محمد حارث کی  الائیڈ بینک سٹالیئنز اور شاہین آفریدی کی نورپور لائنز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں