امریکہ کے شہر کینساس میں مقامی فٹ بال ٹیم ’چیفس‘ کے سپر بول ٹرافی جیتنے کے جشن کی ایک پریڈ کے دوران فائرنگ سے میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک شخص ہلاک اور کم از کم دس زخمی ہو گئے ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے فائر ڈیپارٹمنٹ بٹالین کے سربراہ مائیکل ہاپکنز کے حوالے سے بتایا ہے کہ آٹھ سے دس افراد زخمی ہوئے ہیں، لیکن انہوں نے مزید کچھ بتانے سے انکار کرتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ مزید معلومات جلد ہی جاری کر دی جائیں گی۔
سپر بول کا ٹائیٹل جیتنے کی تقریب میں فائرنگ کے فوراً بعد متعدد شائقین اسٹریچرز پر لے جاتے ہوئے دیکھ گئے تھے۔
پولیس نے ایک نیوز ریلیز میں کہا ہے کہ تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ بیان میں شائقین پر زور دیا گیا کہ وہ جلد از جلد علاقے سے باہر نکل جائیں۔
یہ واقعہ کینساس یونین اسٹیشن کے قریب ایک پارکنگ گیراج میں اس وقت پیش آیا جب ٹیم کے ارکان اور آفیشلز نے اپنے فینز کے ساتھ فتح کا جشن منانے کے لیے اسٹیج سنبھالا ہوا تھا۔ انہوں نے چیفس ٹیم کی سرخ شرٹس پہن رکھی تھیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تقریب ختم ہونےکے بعد لوگ بھاگتے ہوئے یونین اسٹیشن سے دور جا رہے تھے۔
چیفس کی ٹیم سپر بول کے مقابلوں میں اتوار کے روز لاس ویگاس میں سان فرانسسکو کی ٹیم کو شکست دینے کے بعد فاتح بن کر ابھری تھی جس کے کینساس میں بڑے پیمانے پر جشن منانے کے انتظامات کیے گئے تھے۔
فٹ بال کا کھیل امریکہ میں بڑے جوش و خروش سے دیکھا جاتا ہے اور ٹیم کی فتح شہر کے لیے ایک بڑا اعزاز سمجھی جاتی ہے۔
جشن کی تقریب کے موقع پر موسم خوشگوار تھا اور درجہ حرارت 60 ڈگری فارن ہائیٹ تھا۔ جس کی وجہ سے شائقین کی ایک بڑی تعداد گھروں سے باہر نکلی۔ شہر کے حکام کا اندازہ ہے کہ یہ تعداد 10 لاکھ کے لگ بھگ ہو سکتی ہے۔
سپر بول کی تقریب کے موقع پر علاقے کے زیادہ تر اسکولوں نے اپنی کلاسز منسوخ کر دیں تھیں۔ کینساس سٹی کے پولیس کیپٹن سٹیسی گریوز نے بتایا کہ تقریباً دو میل لمبے راستے پر 600 پولیس افسروں کو تعنیات کیا گیا تھا۔
شہرمیں کئی مقامات پر ٹی وی کی بڑی بڑی سکرنیں نصب کی گئیں تھیں جن پر کھیل کی جھلکیاں پیش کی گئیں۔
(اس رپورٹ کے لیے کچھ مواد رائٹرز اور اے پی سے لیا گیا ہے)