|
ویب ڈیسک _ نوجوان آسٹریلوی بیٹر کے ساتھ اُلجھنے پر وراٹ کوہلی پر میچ فیس کا 20 فی صد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان میلبرن میں جمعرات سے شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز جہاں آسٹریلوی بیٹنگ کا چرچا رہا، وہیں وراٹ کوہلی اور آسٹریلوی بلے باز سیم کونسٹاس کے درمیان نوک جھونک بھی موضوعِ بحث بنی رہی۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے سیم کونسٹاس نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی۔
میچ کے 10 ویں اوور کے اختتام پر جب 19 سالہ کونسٹاس عثمان خواجہ سے بات کرنے کے لیے آگے بڑھے تو اسی دوران دوسری طرف سے آتے ہوئے وراٹ کوہلی کا کندھا اُن سے ٹکرایا جس پر دونوں کے درمیان جملوں کا تبادلہ ہوا۔
اس دوران عثمان خواجہ اور امپائر مائیکل گف آگے بڑھے اور دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا۔
میچ کے دوران آسٹریلوی براڈ کاسٹر جو ‘سیون نیٹ ورک’ کے لیے کمنٹری کر رہے تھے کہا کہ اس واقعے میں واضح طور پر قصوروار وراٹ کوہلی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے دوران ایک طرح سے بیٹر پچ کا مالک ہوتا ہے اور خصوصاً اس طرح کے اوورز کے درمیان بلے باز آپس میں گفتگو کرتے ہیں۔
میچ کے آغاز پر ہی کونسٹاس نے بھارت کے پریمیئر فاسٹ بالر جسپریت بمراہ کے دباؤ میں آئے بغیر ان کی تیز اور اندر آتی ہوئی گیندوں کو ریورس اسکوپ کے ذریعے پویلین پار پہنچایا۔
کونساٹس نے بمراہ کے دو اوورز میں 32 رنز سمیٹ کر میلبرن کے کراؤڈ اور مبصرین کو حیران کر دیا۔
کونساٹس ایک مرتبہ بمراہ کو ریورس اسکوپ کرنے میں ناکام رہے تو اس دوران کوہلی نے قہقہہ لگایا۔ لیکن اس سے اگلے ہی اوور میں کونساٹس نے ریورس اسکوپ کرتے ہوئے بمراہ کو چھکا اور چوکا لگایا۔
سابق کھلاڑیوں کی کوہلی پر تنقید
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے بھی کوہلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 36 سالہ کرکٹر ہی اس واقعے کے ذمے دار ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ کوہلی ایک تجربہ کار کرکٹر ہیں اور 19 سالہ کرکٹر کے ساتھ اُن کا رویہ زیب نہیں دیتا۔ کیوں کہ وراٹ کوہلی ہی پہلے کونساٹس کی جانب بڑھے تھے۔
نیتھن میکسوینی کی جگہ ٹیم میں جگہ بنانے والے کونساٹس اس واقعے کے بعد بھی نہیں چونکے اور جارحانہ انداز اپنائے رکھا۔
پانی کے وقفے کے دوران کونساٹس نے اس واقعے پر کہا کہ “گراؤنڈ میں جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ وہیں رہ جاتا ہے۔ مجھے مقابلہ کرنا پسند ہے اور خاص طور پر جب اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہو۔”
کونساٹس دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 65 گیندوں پر 60 رنز بنا کر رویندرا جڈیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے تھے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کوہلی کسی تنازع کی زد میں آئے ہوں۔ اس سے قبل 2023 میں انڈین پریمیئر لیگ کے میچ کے اختتام پر کوہلی کا اُس وقت لکھنؤ سپر جائنٹس کے کوچ گوتم گھمبیر کے ساتھ بھی سخت جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔ دونوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے تھے۔
سن 2022 میں بھارت کے دورۂ جنوبی افریقہ کے دوران تھرڈ امپائر کی جانب سے دیے گئے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے وراٹ کوہلی نے اسٹمپ مائیک پر تھرڈ امپائر پر تنقید کی تھی۔