اولمپیئن جیولن تھروور ارشد ندیم نے ایک بار پھر تھرو شروع کر دی۔
ارشد ندیم نے پنجاب اسٹیڈیم میں تھرو کی پریکٹس کی، وہ ٹانگ کی انجری کا شکار ہونے کے بعد ری ہیب کر رہے تھے۔
اولمپئین ارشد ندیم کوچ سلمان اقبال بٹ کی نگرانی میں پنجاب اسٹیڈیم لاہورمیں ٹریننگ کر رہے ہیں۔
تین ہفتے قبل ارشد ندیم ٹانگ میں تکلیف کا شکار ہوکر فن لینڈ کے ایونٹ سے دستبردار ہو گئے تھے، انجری کے بعد انہوں نے ری ہیب میں حصہ لیا۔
ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ ری ہیب جاری ہے، اب بہتر محسوس کر رہا ہوں، اس لیے اب تھرو بھی شروع کر دی، ڈائمنڈ لیگ کھیلنے پیرس جانا ہے، دعا کریں کہ فٹ رہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں زیادہ دیر انجریز کا شکار رہتا ہوں لیکن انجری کھیل کا حصہ ہے، ٹوکیو اولمپکس کے ایک سال بعد کوئی ایونٹ کھیلا تھا اللہ تعالیٰ مجھے فٹ رکھے اگر فٹ رہا تو اولمپکس میں اپنی بہترین تھرو کرنے کی کوشش کروں گا۔
ارشد ندیم 24 جولائی کو پیرس اولمپکس کے لئے روانہ ہوں گے، وہ اولمپکس سے پہلے 7 جولائی کو پیرس میں ڈائمنڈ لیگ میں بھی شرکت کریں گے۔