پاکستان کے ٹاپ ایتھلیٹ ارشد ندیم کی ایک سال بعد فیلڈ پر واپسی ہوئی، وہ پیرس ڈائمنڈ لیگ میں میڈل تو نہ جیت سکے لیکن چوتھی پوزیشن حاصل کرکے اولمپکس سے قبل فارم اور ردھم بحال کرلیا۔
دنیا کے بہترین ایتھلیٹس مقابلے ڈائمنڈ لیگ کے پیرس میں ہونیوالے مقابلوں میں پاکستان کے صف اول کے ایتھلیٹ ارشد ندیم جویلین تھرو ایونٹ میں شریک تھے۔
پہلی باری میں ارشد ندیم نے 74 عشاریہ 11 میٹر تھرو کی اور اس کے بعد دھیرے دھیرے تھرو بہتر کرتے رہے۔ انہوں نے دوسری باری میں 80.28 میٹر کی تھرو کی۔
تیسری باری میں ارشد نے 82.71 میٹر کی تھرو کی۔ اس موقع پر ٹاپ تین میں شامل تھے۔ چوتھی باری میں انہوں نے 82.17 کی تھرو کی مگر اس ہی راؤنڈ میں جیکب ویڈلیخ 85 میٹر کی تھرو کر کے ارشد سے آگے نکل گئے۔
پانچویں راؤنڈ میں ارشد کو ایک بڑی تھرو درکار تھی تاکہ وہ ٹاپ تھری میں آسکیں تاہم ان کی 84 عشاریہ 21 کی تھرو انکے لیے کافی نہ رہی۔ یوں انہیں چوتھی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔
یہ اگست 2023 کے بعد ارشد ندیم کا پہلا بڑا ایونٹ تھا۔ ارشد نے حال ہی میں سرجری کے بعد کم بیک کیا اور وہ اس ماہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کےلیے میڈل جیتنے کی اہم امید ہوں گے۔