ہرارے (ڈیلی پاکستان آن لائن) افغانستان کے لیفٹ آرم پیسر فضل الحق فاروقی کو ہرارے میں زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں امپائر کے فیصلے پر ناراضگی ظاہر کرنے پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔ فاروقی کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سزا دی گئی، جو لیول 1 کے تحت آتی ہے۔ یہ خلاف ورزی آئی سی سی کے کھلاڑیوں اور معاون عملے کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.8 کے تحت آتی ہے، جو “بین الاقوامی میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضگی ظاہر کرنے” سے متعلق ہے۔
یہ واقعہ جمعرات کو زمبابوے کی اننگز کے پانچویں اوور میں پیش آیا، جب فاروقی نے ایل بی ڈبلیو کی اپیل مسترد ہونے کے بعد ناراضگی کا اظہار کیا۔ افغان کھلاڑی نے ڈی آر ایس نہ ہونے کے باوجود ریویو کے لیے اشارہ کیا۔ اس کے علاوہ، فاروقی کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ کیا گیا ہے، یہ ان کی 24 ماہ کے عرصے میں پہلی خلاف ورزی ہے۔فضل الحق فاروقی نے اپنی غلطی تسلیم کی اور میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے دی گئی سزا کو قبول کیا۔
افغانستان نے دوسرے ون ڈے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو 232 رنز سے شکست دی، جو اس فارمیٹ میں ان کی سب سے بڑی فتح ہے۔افغان ٹیم نے اپنی اننگز میں 50 اوورز میں 286 رنز بنائے۔ جواب میں زمبابوے کی ٹیم صرف 54 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ ہفتے کے روز کھیلا جائے گا۔