آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر 6 مرحلے کے دوسرے اور اہم میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو 5 رنز سے ہرادیا۔
واضح رہے کہ اس فتح کے ساتھ ہی قومی ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں بھی پہنچ گئی۔
جنوبی افریقی شہر بینونی میں کھیلے گئے سپر 6 مرحلے کے اس میچ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 155 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن متاثر کن پرفارمنس نہ دکھا سکی۔ عرفات منہاس کے 34، شاہزیب خان نے 26 جبکہ شامل حسین اور علی اسفند نے 19، 19 رنز کی اننگز کھیلی۔
بنگلادیش کی جانب سے روہانات بورسن اور شیخ جبون نے چار، چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محفوظ الرحمان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
پاکستان کو فائنل کی دوڑ سے باہر کرنے اور آخری چار ٹیموں میں جگہ بنانے کےلیے بنگلادیش کو 156 رنز کا ہدف 38.1 اوورز میں حاصل کرنا تھا۔
بنگلادیشی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 35.5 اوورز میں 150 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے عبید شاہ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 بنگلادیشی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
دیگر بولرز میں علی رضا نے تین جبکہ میچ کے اختتامی لمحات میں محمد ذیشان نے آخری وکٹ لے کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔