بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگٹ کے اولمپکس ویمن ریسلنگ ایونٹ کے فائنل میں پہنچ کر ڈس کوالیفائی ہونے کے بعد ریسلنگ کی عالمی گورننگ باڈی کے سربراہ کا بیان بھی سامنے آگیا۔
یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو) کے چیف نیناڈ لیلووچ نے ونیش پھوگٹ کی گولڈ میڈل فائٹ سے آؤٹ ہونے پر دکھ کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں انکا کہنا تھا کہ ہمیں قوانین کو عزت دینی ہے، ان (بھارتی ریسلر) کے ساتھ جو ہوا اس پر مجھے دکھ ہے، ان کا معمولی سا وزن بڑھا ہوا تھا۔ لیکن قانون قانون ہے اور یہاں سب کچھ دنیا کے سامنے ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ وہاں تمام ایتھلیٹ موجود ہیں اور یہ ممکن نہیں ہے کہ کسی کا وزن زیادہ ہو اور اسے مقابلہ کرنے کی اجازت دے دی جائے۔
نیناڈ لیلووچ کا کہنا تھا کہ ونیش پھوگٹ کے پاس اپیل کا حق ہے، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ کچھ انکے حق میں ہونے والا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگٹ اولمپکس 50 کلوگرام کیٹیگری کے فائنل میں پہنچی تھیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی خاتون ریسلر بنیں۔
تاہم انکی یہ خوشی ایک دن بھی نہ ٹھہر سکی، جب فائنل باؤٹ کےلیے پھوگٹ نے قوانین کے مطابق اپنا وزن کروایا تو وہ 100 گرام زائد نکلا، اس بنا پر انہیں فائنل سے کوالیفائی کردیا گیا۔
اب اسی ایونٹ کے گولڈ میڈل مقابلے کےلیے امریکا کی سارہ ہلڈیبرانڈ کے خلاف کیوبا کی ریسلر گزمین لوپیز فائنل باؤٹ لڑیں گی جنہیں پھوگٹ نے سیمی فائنل مقابلے میں ہرایا تھا۔