Wednesday, December 25, 2024
ہومSportsاولی پوپ کے ناٹ آؤٹ 148 رنوں نے انگلینڈ کو پہنچائی راحت،...

اولی پوپ کے ناٹ آؤٹ 148 رنوں نے انگلینڈ کو پہنچائی راحت، دوسری اننگ میں ہندوستان پر 126 رنوں کی سبقت


تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ نے 6 وکٹ کے نقصان پر 316 رن بنا لیے ہیں، یعنی پہلی اننگ میں ہندوستان کو حاصل 190 رنوں کی سبقت ختم کر مہمان ٹیم 126 رنوں سے آگے ہو گئی ہے۔

user

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان حیدر آباد میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کا تیسرا دن انگلینڈ کے لیے راحت پہنچانے والا ثابت ہوا۔ پہلے دن جہاں پوری انگلش ٹیم 246 رنوں پر پویلین لوٹ گئی تھی، اور پھر دوسرے دن ہندوستان نے اپنی پہلی اننگ 7 وکٹ کے نقصان پر 421 رنوں تک پہنچا دی تھی، اس لحاظ سے تیسرے دن انگلش کھلاڑیوں نے سخت مقابلہ دیا۔ پہلے تو انگلش گیندبازوں نے ہندوستان کے تین کھلاڑیوں کو محض 15 رنوں تک پویلین بھیج دیا، اور پھر تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک دوسری اننگ میں 6 وکٹ کے نقصان پر 316 رن بنا دیے۔

آج صبح جب کھیل شروع ہوا تو ہندوستان کے بلے باز رویندر جڈیجہ اور اکشر پٹیل میدان پر اترے۔ دونوں اچھی بلے بازی کر رہے تھے، لیکن پھر جڈیجہ جب 87 رن بنا چکے تھے تو جو روٹ کی ایک گیند نیچی رہ گئی اور وہ ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس وقت ہندوستان کا اسکور 436 رن تھا۔ ہندوستان کے لیے بدقسمتی یہ رہی کہ اسی اسکور پر باقی 2 وکٹ بھی گر گئے۔ جسپریت بمراہ پہلی ہی گیند پر جو روٹ کا شکار ہو گئے، اور پھر اگلے اوور میں لیگ اسپنر ریحان احمد نے اکشر پٹیل کو بولڈ کر دیا۔ اکشر نے 44 رنوں کا تعاون کیا۔ اس طرح ہندوستانی ٹیم پہلی اننگ میں انگلینڈ پر 190 رنوں کا سبقت لینے میں کامیاب ہو گئی۔

انگلینڈ کی جب دوسری اننگ شروع ہوئی تو ایک بار پھر سلامی بلے بازوں نے اچھی شروعات دی۔ 45 رن کے اسکور پر پہلا وکٹ جیک کراؤلی (33 گیندوں میں 31 رن) کی شکل میں گرا، اور پھر دوسرے سلامی بلے باز بین ڈکیٹ (52 گیندوں پر 47 رن) جب آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کا اسکور 113 رن پہنچ چکا تھا۔ یہاں پر اولی پوپ نے ایک طرف ہندوستان کے اسپن گیندبازوں کو شاندار طریقے سے کھیلا، اور دوسری طرف تھوڑے تھوڑے وقفہ پر 3 وکٹ گر گئے۔ جو روٹ 2 رن، جانی بیرسٹو 10 رن اور کپتان بین اسٹوکس 6 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انگلینڈ کا اسکور 5 وکٹ کے نقصان پر 163 رن ہو گیا اور ہندوستان کے پاس اب بھی 27 رنوں کی سبقت تھی۔ اس مشکل وقت میں وکٹ کیپر بلے باز بین فوکس نے اولی پوپ کا بہترین ساتھ دیا۔ جب فوکس 34 رن پر کھیل رہے تھے تو اکشر پٹیل نے انھیں بولڈ کر 112 رنوں کی شراکت داری کو توڑ دیا۔ یہاں سے انگلینڈ کا مزید کوئی وکٹ نہیں گرا۔ جب تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو اولی پوپ 148 رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھے اور ریحان احمد 16 رن بنا کر کھیل رہے تھے۔ انگلینڈ کا اسکور 6 وکٹ کے نقصان پر 316 رن ہو چکا ہے، یعنی مہمان ٹیم کو 126 رنوں کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔ چوتھے دن انگلینڈ کی کوشش اس سبقت کو زیادہ سے زیادہ بڑا کرنے کی ہوگی، جبکہ ہندوستانی گیندباز آخری کے 4 وکٹ جلد سمیٹنے کی کوشش کریں گے۔

جہاں تک دوسری اننگ میں ہندوستانی گیندبازی کا سوال ہے، جسپریت بمراہ نے سبھی کو حیران کیا۔ اسپن کے لیے مددگار پچ پر انھوں نے سب سے کفایتی گیندبازی بھی کی اور 2 وکٹ بھی حاصل کیے۔ بمراہ نے 12 اوورس میں 3 میڈن اوورس ڈالتے ہوئے 29 رن دیے۔ 2 وکٹ روی چندرن اشون کو بھی ملا جنھوں نے 21 اوورس میں 3 میڈن اوورس کے ساتھ 93 رن دیے۔ 1-1 وکٹ اکشر پٹیل (15 اوورس میں 69 رن) اور رویندر جڈیجہ (26 اوورس میں 101 رن) کو ملے۔ تیز گیندباز محمد سراج کو محض 3 اوورس ڈالنے کا موقع ملا جس میں انھوں نے 8 رن خرچ کیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


;





Source

RELATED ARTICLES

اپنی رائے کا اظہار کریں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

مقبول خبریں